مرکزی وزیر فینانس کا نامکمل دورہ چین

نئی دہلی۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی کی تنقیدوں کے درمیان وزیر خزانہ ارون جیٹلی اپنا چین کا دورہ درمیان میں ہی چھوڑ کر وطن لوٹ آئے ہیں۔ واضح رہے کہ مسٹر جیٹلی کو 28 جون کو لوٹنا تھا، لیکن وہ اتوارکی رات ہی وطن واپس لوٹ آئے ۔ غور طلب ہے کہ مسٹر سوامی نے مسٹر جیٹلی اور ان کی وزارت کے دو سینئر افسران چیف اقتصادی مشیر اروند سبرامنیم اور اقتصادی امور کے سکریٹری شکتی کانتہ داس پر حملے کئے ہیں۔ مسٹر جیٹلی نے 24 جون کو پانچ روزہ چین کا دورہ شروع کیا تھا اور ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کی مینیجنگ کمیٹی کی پہلی میٹنگ  میں حصہ لیا تھا۔ ان کا پیر کو چین کے وزیر خزانہ لوؤ جیویئی سے ملاقات کا پروگرام طے تھا، لیکن یہ اجلاس اتوار کو ہی ہوگیا۔ اس کے ساتھ ہی نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے صدر شو شاوشی اور پیپلز بینک آف چائنا کے گورنر جھاؤ شیؤ چوان کے ساتھ بھی مسٹر جیٹلی کی میٹنگ مقررہ وقت سے پہلے ہی ہو گئی۔
مسٹر جیٹلی کی میٹنگوں کو مقررہ وقت سے پہلے منعقد کرائے جانے اور ان کے دورے کو ایک دن پہلے ہی ختم کئے جانے کے بارے
میں حکام نے کوئی وجہ نہیں بتائی ہے ۔ تاہم، ایسا سمجھا جا رہا ہے کہ مسٹر سوامی کے حملے سے ناراض مسٹر جیٹلی نے اپنے دورے کو
مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم کر دیاہے ۔