مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کی چوکسی، ملبوسات کے شوروم میں خفیہ کیمرہ کا پردہ فاش

پناجی۔/3اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) چوکس اور مستعد مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے آج ایک ملبوسات کی دکان ( گارمنٹ اسٹور ) میں خفیہ کیمرہ کی نشاندہی کرلی جب وہ ایک ٹرائیل روم میں لباس تبدیل کرنے کی کوشش میں تھیں کہ اچانک ان کی نظر ایک خفیہ کیمرہ پر پڑ گئی۔ اس واقعہ کی اطلاع پر بی جے پی رکن اسمبلی مائیکل لوبو نے مرکزی وزیر سے ملاقات کی جوکہ اپنے شوہر زوبین ایرانی کے ساتھ خانگی دورہ پر یہاں آئی ہیں۔ رکن اسمبلی کی شکایت پر گوا پولیس نے کیس درج کرلیا اور فیاب انڈیا شوروم کے 4ملازمین کو حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کی گئی۔ سمرتی ایرانی نے شوروم میں ملبوسات خرید کر جیسے ہی ٹرائیل روم میں داخل ہوئیں ان کی نظر وہاں موجود خفیہ کیمرہ پر پڑی۔ انہوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اس کی اطلاع اپنے شوہر کو دی ۔

بعد ازاں رکن اسمبلی لوبو کو مطلع کرنے پر پولیس میںایف آئی آر درج کروائی گئی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ( نارتھ ) اومیش گاؤنکر نے بتایا کہ شوروم کے 4اسٹاف ممبرس کو حراست میں لے لیا گیا اور خفیہ کیمرہ سے ریکارڈ کئے گئے قابل اعتراض تصاویر کو بھی ضبط کرلیا گیا۔ اسٹاف کی اطلاع کے مطابق جس کیمرہ سے تصاویر برآمد ہوئی ہیں وہ چار ماہ قبل نصب کیا گیا تھا ، یہ تصاویرآفس منیجر کے کمپیوٹر میں ریکارڈ کی جاتی تھی۔