تلگودیشم میں شمولیت کی تردید ،حامیوں سے بات چیت کے بعد مستقبل کا فیصلہ
ایلورو / حیدرآباد 16 مارچ (این ایس ایس) آندھرا پردیش کی تقسیم پر ناراض مرکزی وزیر کے سامبا سیوا راو نے تقسیم کے مسئلہ پر اپنی پارٹی کے سخت اور ناعاقبت اندیش فیصلہ کی سخت مذمت کی۔ سامبا سیوا راو نے ایلورو میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تلگودیشم پارٹی میں شمولیت کے متعلق اطلاعات کی تردید کی اور کہا کہ وہ اپنے حامیوں سے ملاقات کے بعد ہی مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس سے انحراف اور تلگودیشم میں شمولیت کی اطلاعات غلط اور شر انگیز ہے۔ وہ اس ضمن میں تلگودیشم پارٹی سے کبھی بھی رجوع نہیں ہوئے ہیں کے سامبا سیوا راو نے کہا کہ پارٹی کی موجودہ قیادت نااہل ہے۔وہ یہ سمجھنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ پارٹی خود اپنے ہی قائدین کو کوئی اہمیت نہیں دیتی اور اقتدار پر دوبارہ واپسی کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کیلئے پارٹی سے زیادہ عوام اہم ہے۔ انہوں نے کانگریس پر اقتدار کی ہوس و لالچ پر مبنی نظریات پر عمل پیراں ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔