مرکزی وزیر سامباسیوا راؤ وزارت سے مستعفی

آندھرا پردیش کی تقسیم پر احتجاج ،بی جے پی میں شمولیت متوقع ، راج ناتھ سنگھ سے ملاقات

نئی دہلی۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ٹیکسٹائلس کے سامبا سیوا راؤ نے آندھرا پردیش کی تقسیم کے خلاف آج مرکزی کابینہ سے استعفی دے دیا۔ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ وہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ پانچ مرتبہ کانگریس رکن پارلیمنٹ رہنے والے سامبا سیوا راؤ نے توثیق کی ہے کہ انہوں نے صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی ہے، لیکن پارٹی میں شمولیت کے تعلق سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ اگر وہ بی جے پی میں شامل ہوتے ہیں تو سیما۔ آندھرا کے دوسرے وزیر ہوں گے جنہوں نے تقسیم کے خلاف ایسا کیا ہے۔ اس سے پہلے پورندیشوری نے بھی بی جے پی میں شامل ہوگئیں ۔ سامبا سیوا راؤ نے وزیراعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کرکے مکتوب استعفیٰ انہیں پیش کیا اور ذمہ داریوں سے سبکدوش کرنے کی خواہش کی۔ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کے بعد انہوں نے میڈیا سے کہا کہ وہ کانگریس سے انتخابی مقابلہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے راج ناتھ سنگھ سے بھی اس بارے میں بات نہیں کی لیکن آج ان کی ملاقات ضرور ہوئی ہے اور اس کی وجہ کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا کہ کانگریس میں برقرار رہیں یا نہیں کیونکہ ان کے حامی علاقائی جماعتوں جیسے وائی ایس آر کانگریس اور تلگو دیشم سے مقابلے کی خواہش کررہے ہیں۔ اپنے استعفیٰ میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست کو جو ناقابل تلافی نقصان پہونچایا ہے، اس کی بناء وہ وزارت میں برقرار نہیں رہ سکتے۔ وہ حکومت کا حصہ اس توقع پر رہے تھے کہ عوام کے مطالبات پر غور کیا جائے گا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔