مرکزی وزیر زراعت کی کسانوں سے معذرت خواہی کا مطالبہ

خود کشی واقعات کی روک تھام پر زور ، ترجمان تلنگانہ پی سی سی کا بیان
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے مرکزی وزیر زراعت مسٹر رادھا موہن سنگھ پر خود کشی کرنے والے کسانوں کی توہین کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں فوری کسانوں سے معذرت خواہی کرنے اور اپنے الفاظ سے دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ترجمان اعلیٰ ڈاکٹر شرون کمار نے کہا کہ ناکافی بارش اور مرکزی و ریاستی حکومتوں کی عدم توجہ کے باعث نقصانات کا شکار کسان خود کشی کرنے پر مجبور ہیں ۔ مرکزی و ریاستی حکومتوں کی جانب سے کسانوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے انہیں خودکشی نہ کرنے کا مشورہ دینا چاہئے ۔ تاہم مرکزی وزیر زراعت مسٹر رادھا سنگھ نے طنزیہ ریمارک کرتے ہوئے خود کشی کرنے والے کسانوں کو زنخہ قرار دیا ہے ۔ یہی نہیں انہیں محبت میں ناکامی کی وجہ سے بھی خود کشی کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ جس کی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے زرعی مسائل کا جائزہ لینے کے لیے قومی سطح پر وزیر اعظم نریندر مودی اور ریاستی سطح پر چیف منسٹر کے سی آر کو کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا مشورہ دیا اور کسانوں کے مسائل پر غور و خوض کرتے ہوئے اس کی یکسوئی کے لیے عملی اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ دونوں حکومتوں کو زراعت اور کسانوں پر کوئی دلچسپی نہیں ہے جب کہ ملک کی جملہ آبادی 130 کروڑ عوام پر مشتمل ہے ۔ جس میں 70 فیصد عوام کا زرعی شعبہ سے تعلق ہے ۔ حکومتوں کی عدم توجہ کے باعث جاریہ سال قومی سطح پر 13 ہزار کسانوں نے خود کشی کی ہے جب کہ تلنگانہ سے 1007 کسانوں نے خود کشی کی ہے ۔ زرعی شعبہ کو بحران سے نکالنے کے لیے ماہرین کی خدمات سے استفادہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تاخیر نہیں ہوئی ہے ۔ فوری اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ مزید تاخیر کی گئی تو حالت بے قابو ہوجانے کے خطرات ہیں ۔۔