کشمیر کی صورتحال اور برکس چوٹی کانفرنس پر تبادلہ خیال
نئی دہلی۔23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور وزیر دفاع منوہر پاریکر کی ایک ملاقات میں مختلف مسائل بشمول جموں و کشمیر کی صورتحال اور آئندہ ماہ گووا میں مقرر برکس چوٹی کانفرنس کے حفاظتی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آدھا گھنٹہ طویل اجلاس میں دونوں سینئر وزراء نے وادی کشمیر میں پائی جانے والی صورتحال اور سرحد پار سے دراندازی پر قابو پانے کے لئے کئے ہوئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ مہاراشٹرا کے ساحل پر بعض نامعلوم افراد کی مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات بھی ملاقات میں بات چیت کا موضوع تھیں۔ راج ناتھ سنگھ اور منوہر پاریکر جو گووا کے متوطن اور ریاست کے سابق چیف منسٹر ہیں، برکس چوٹی کانفرنس کے لئے حفاظتی انتظامات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ چوٹی کانفرنس 15 اور 16 اکٹوبر کو گووا کے شہر پاناجی میں مقرر ہے۔