کمل نادھن کمیٹی رپورٹ پر عمل آوری پر زور ، ٹی آر ایس پارلیمنٹ و ٹی جے اے سی قائدین کی نمائندگی
حیدرآباد۔/6اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ اور تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ ان قائدین نے تلنگانہ ریاست سے مختلف شعبوں میں کی جارہی ناانصافیوں کی شکایت کی اور اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ کمل نادھن کمیٹی کی رپورٹ پر عمل آوری کے علاوہ دونوں ریاستوں کے درمیان ملازمین کی تقسیم میں تاخیر کے سلسلہ میں بھی وزیر داخلہ سے نمائندگی کی گئی۔ ارکان پارلیمنٹ جتیندر ریڈی، ونود کمار، کے کویتا، بی نرسیا گوڑ، بی وی پاٹل، رکن اسمبلی سرینواس گوڑ کے علاوہ جے اے سی قائدین دیوی پرساد، پربھاکر ریڈی اور دوسروں نے راجناتھ سنگھ کو تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان ملازمین کی تقسیم میں تاخیر کے سبب پیدا شدہ مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تقسیم کا عمل جلد مکمل کیا جانا چاہیئے تاکہ تلنگانہ حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری میں تیزی پیدا ہو۔ وفد نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت نے حال ہی میں بعض ملازمین کی خدمات ختم کردی ہیں اور وہ ملازمین اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں۔ وفد نے راجناتھ سنگھ سے خواہش کی کہ کمل نادھن کمیٹی کی رپورٹ اور ملازمین کی تقسیم کے سلسلہ میں مرکز فوری کارروائی کرے۔ ارکان پارلیمنٹ نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان مختلف اداروں کی تقسیم میں تاخیر اور ہائی کورٹ کی عدم تقسیم کے سبب پیدا شدہ مسائل سے راجناتھ سنگھ کو واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ نے وفد کو تیقن دیا کہ مرکز ان مسائل کی یکسوئی کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کرے گا۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کو تیقن دیا کہ تلنگانہ ریاست کی ترقی کے سلسلہ میں مرکزی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔