نئی دہلی ۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) منی پور میں تشد د کے پیش نظر مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے چیف منسٹر منی پور او ایبوبی سنگھ سے ربط پیدا کیا۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزراء کو منی پور کی موجودہ صورتحال کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے چیف منسٹر کو مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد کا تیقن دیا تاکہ تشدد سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹا جاسکے ۔ پرتشدد واقعات میں تاحال 8 افراد ہلاک اور 31 دیگر زخمی ہوچکے ہیں۔ منی پور کے قصبہ چوڑا چندر پور میں تشدد کا یہ واقعہ پیش آیا جبکہ قبائلی طلبہ کی تنظیم نے اسمبلی میں منظورہ تین قوانین کے خلاف بطور احتجاج 12 گھنٹے کے بعد کا اعلان کیا تھا ۔ ضلع چوڑا چندر پور میں ایک ریاستی وزیر ، ایک رکن پارلیمنٹ اور پانچ ارکان اسمبلی کی قیامگاہوں کو کل شام نامعلوم افراد نے نذر آتش کردیا جس کی وجہ سے عہدیدار اس قصبہ میں غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذ کرنے پر مجبور ہوگئے تھے۔