حیدرآباد۔/19فبروری، ( سیاست نیوز) اسپیکر لوک سبھا مسز میرا کمار نے سیما آندھرا کی نمائندگی کرنے والی ایک مرکزی وزیر پورندیشوری اور دو کانگریس ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے پیش کردہ استعفوں کو قبول کرلیا۔ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری کے خلاف بطور احتجاج مسز پورندیشوری نے پارلیمنٹ کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے مکتوب استعفی اسپیکر لوک سبھا کو روانہ کردیا جس پر آج اسپیکر لوک سبھا نے پورندیشوری کے علاوہ حلقہ لوک سبھا وجئے واڑہ کی نمائندگی کرنے والے رکن پارلیمنٹ لگڑا پاٹی راجگوپال اور حلقہ لوک سبھا اونگول کی نمائندگی کرنے والے مسٹر ایم سرینواس ریڈی نے بھی استعفوں کو قبول کرلیا۔ واضح رہے کہ لگڑا پاٹی راجگوپال نے سیاسی سنیاس لینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
آندھرا پردیش کی تقسیم پر تلگودیشم رکن اسمبلی اوما مہیشور راؤ مستعفی
حیدرآباد۔/19فبروری، ( پی ٹی آئی) تلگودیشم لیڈر دیونینی اوما مہیشور راؤ جو ملاورم حلقہ سے نمائندگی کرتے ہیں لوک سبھا کی جانب سے تلنگانہ بل منظور کئے جانے کے خلاف بطور احتجاج رکن اسمبلی کی حیثیت سے آج استعفی دے دیا۔انہوں نے اپنا مکتوب استعفی آندھرا پردیش اسمبلی کے سکریٹری کو فیکس کردیا۔ اپنے مکتوب میں انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام پر انہیں شدید صدمہ ہوا ہے اس لئے وہ سیما آندھرا کے ساتھ ناانصافی پر وہ استعفی دے رہے ہیں۔