مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی کا دورہ حیدرآباد

۔8 جولائی کو آمد ، مختلف پروگراموں کو قطعیت ، سکریٹری اقلیتی بہبود کا بیان
حیدرآباد ۔5۔ جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی 8 جولائی کو حیدرآباد کا ایک روزہ دورہ کریں گے اور محکمہ اقلیتی بہبود کے مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ سکریٹری تلنگانہ اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ مختلف پروگراموں کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختار عباس نقوی مرکزی اسکیم کے تحت وجئے نگر کالونی میں اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کریں گے ۔ اس سنٹر میں اقلیتی طلبہ کو مختلف کورسس کی ٹریننگ دی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں مرکزی اسکیم کے تحت یہ پہلا ٹریننگ سنٹر ہوگا۔ مختار عباس نقوی راجندر نگر میں اقلیتی اقامتی اسکول کے تعمیری کام کا آغاز کریں گے ۔ مرکزی حکومت نے اس اسکول کی عمارت کی تعمیر کیلئے 18 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں جس میں 10 کروڑ 20 لاکھ روپئے مرکزی حکومت ادا کرے گی جبکہ باقی 40 فیصد رقم تلنگانہ حکومت کو ادا کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی نمائندگی پر مرکز نے مخصوص اقامتی اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر کیلئے گرانٹ منظور کی ہے۔ عمر جلیل کے مطابق مختار عباس نقوی ، ڈاکٹر مری چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ میں ملک کے تمام اقلیتی فینانس کارپوریشنوں کے صدور نشین اور مینجنگ ڈائرکٹرس کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشنوں کی سالانہ کانفرنس پہلی مرتبہ حیدرآباد میں منعقد ہورہی ہے۔ مرکزی وزیر کے دورہ کے موقع پر ایم ایس ڈی پی اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اقلیتی آبادی والے علاقوں میں مرکزی حکومت نے ہمہ جہتی ترقی کے تحت اس اسکیم کا آغاز کیا ہے ۔ تلنگانہ اضلاع نظام آباد ، عادل آباد ، آصف آباد ، سنگا ریڈی ، رنگا ریڈی اور وقار آباد میں اس اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی۔ مرکز نے اس اسکیم کے تحت 53 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں، جس میں سے 30 فیصد رقم جاری کردی گئی۔ مختار عباس نقوی کے دورہ کے موقع پر تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ حج ہاؤز میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ مرکزی وزیر اس کیمپ کا افتتاح کریں گے اور حج 2017 ء کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مرکز کی مختلف اسکیمات میں مؤثر حصہ داری کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ مرکزی اسکیمات سے زائد فنڈس حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ میں خرچ کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے حال ہی میں ٹریننگ ایمپلائیمنٹ سے متعلق بعض نئی اسکیمات شروع کی ہیں ۔