نئی دہلی ۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) یوپی اور بہار میں سیلاب کی صورتحال سنگین ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج صورتحال کا جائزہ لیا اور دونوں ریاستوں کو تیقن دیا کہ مرکز کی جانب سے ان کی بھرپور امداد کی جائے گی۔ وہ قومی عاملہ کمیٹی برائے آفات سماوی انتظامیہ کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں انہوں نے دونوں ریاستوں کی سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یو پی کے چیف منسٹر اکھیلیش یادو اور بہار کے چیف منسٹر جتن رام مانجھی سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کرکے راحت رسانی اور بچاؤ کارروائیوں میں مرکز کی بھرپور امداد کا تیقن دیا۔ مختلف متعلقہ وزارتوں کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک تھے۔ قومی آفات سماوی ردعمل کمیٹی کی ٹیمیں کشتیوں ،غوطہ خوروں اور سیلاب سے متعلق تمام آلات سے لیس ہیں۔
آئی ایس آئی اور عسکریت پسندوں
میں گٹھ جوڑ کی تردید
شیلانگ ۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس ایف نے پاکستانی آئی ایس آئی اور میگھالیہ کی عسکریت پسند تنظیموں نے کسی بھی گٹھ جوڑ کے امکانات کومسترد کردیا۔ ڈی آئی جی بی ایس ایف سشیل کمار سنگھ نے کہا کہ جہاں تک سراغ رسانی کی اطلاعات کا تعلق ہے آئی ایس آئی اور میگھالیہ کی دہشت گرد تنظیموں نے خاص طور پر گارو ہلز کی تنظیموں میں کوئی گٹھ جوڑ نہیں ہے۔ نیم فوجی فورسیس میگھالیہ کی 443 کیلو میٹر طویل بین الاقوامی سرحد کی جو بنگلہ دیش سے متصل ہے، نگرانی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس علاقہ میں بڑے پیمانے پر کسی سازش کے امکانات کو مسترد نہیں کرسکتے لیکن انہیں یقین ہیکہ پاکستانی آئی ایس آئی سے یہاں کی عسکریت پسندوں کا کوئی ربط نہیں ہے اور نہ قتل کی وارداتیں فرقہ وارانہ نوعیت کی ہیں۔ انہوں نے مرکز کی جانب سے تحقیقات کا خیرمقدم کیا۔