مرکزی ملازمین کے آدھار نمبر کا سرویس بک میں اندراج

نئی دہلی ۔ 05 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )مرکزی حکومت کی تمام وزارتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ملازمین کے آدھار نمبر کا ان کے سرویس بک میں اندراج یقینی بنائیں۔ ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایاکہ اس ضمن میں ہدایات پہلے ہی جاری کی جاچکی ہیں۔ کئی وزارتوں یا محکمہ جات نے اطلاع موصول نہ ہونے کی شکایت کی چنانچہ آج پھر یاددہانی کرائی جارہی ہے ۔

 

یونین پبلک سرویس کمیشن امتحانات کے پرچہ سوالات کا افشاء نہیں
نئی دہلی ۔ 05 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )یونین پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے منعقدہ مسابقتی امتحانات میں پرچہ سوالات کے افشاء یا کسی رکروٹمنٹ ریاکٹ کا کوئی واقعہ منظرعام پر نہیں آیا ۔ حکومت نے آج یہ بات بتائی ۔ تاہم کہا کہ گزشتہ 4 سال کے دوران اسٹاف سلیکشن کمیشن کے منعقدہ امتحانات میں 12 سو سے زائد امیدوار بے قاعدگیوں جیسے امتحان ہال میں موبائیل فون رکھنے ، تلبیس شخصی وغیرہ میں ملوث پائے گئے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ پرسونل ، عوامی ازالۂ شکایات و پنشن جتیندر سنگھ نے لوک سبھا کو تحریری جواب میں بتایا کہ جہاں تک یونین پبلک سرویس کمیشن کا تعلق ہے ، مسابقتی امتحانات میں پرچہ سوالات کے افشاء یا کسی رکروٹمنٹ ریاکٹ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ انھوں نے کہاکہ اسٹاف سلیکشن کمیشن کے امتحانات میں بھی پرچۂ سوالات کے افشاء کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا ۔ انھوں نے بتایاکہ 1243 امیدواروں کے منجملہ سال 2012 ء میں 246 ، سال 2013 ء میں 400 ، سال 2014 ء میں 528 اور سال 2015 ء میں جنوری تا جون کے دوران 69 امیدواروں کو مختلف بے قاعدگیوں کا مرتکب پایا گیا ۔