مرکزی ملازمین اور وظیفہ یابوں کیلئے گرانی الاؤنس میں 7 فیصد اضافہ

نئی دہلی۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج گرانی الاؤنس میں 7 فیصد اضافہ کی منظوری دے دی جو بنیادی یافت کا 107 فیصد ہوجائے گا۔ اس سے تقریباً 30 لاکھ مرکزی ملازمین اور 50 لاکھ وظیفہ یابوں کو فائدہ ہوگا۔ وزیراعظم نریندر مودی کی زیرصدارت مرکزی کابینہ کے اجلاس میں سرکاری ملازمین کو گرانی الاؤنس کی اضافی قسط اور وظیفہ یابوں کو گرانی راحت یکم جولائی 2014ء سے فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ۔ اس وقت مرکزی ملازمین اور وظیفہ یابوں کو دیا جانے والا گرانی الاؤنس بنیادی یافت ؍ وظیفہ کا 100 فیصد ہے اور اب اضافہ کے بعد یہ 107 فیصد ہوجائے گا۔ ایک صحافتی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اضافہ تسلیم شدہ فارمولہ کے مطابق چھٹے سنٹرل پے کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پرہے۔