10 مارچ ادخال درخواست کی آخری تاریخ ، دکن ریڈیو پر ایم اے حمید کا راست نشریہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : مرکزی حکومت کے مختلف دفاتر ، محکمہ جات وغیرہ میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے اسٹاف سلکشن کمیشن ہر سال مسابقتی امتحانات منعقد کرتا ہے ۔ اب گریجویٹ لیول امتحان کا اعلان ہوا اور آن لائن فارمس داخل کرنے کی آخری تاریخ 10 مارچ ہے جب کہ امتحان کی تواریخ 8 مئی اور 22 مئی رکھی گئی ہے ۔ ان معلومات کو دکن ریڈیو 107.8 کے راست نشریہ پروگرام میں ماہر تعلیم ایم اے حمید نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا اور بتلایا کہ کسی بھی مضمون کے ڈگری امیدوار اس کے اہل ہیں لیکن اس سے عدم واقفیت کی وجہ فارم وقت پر داخل نہیں کرپا رہے جب فارم داخل نہ کریں اور مسابقتی امتحان میں شریک نہ ہو تو کس طرح سرکاری ملازمت حاصل کرسکتے ہیں ۔ دکن ریڈیو کے اس پروگرام میں سوالات کو صدیقہ فاطمہ نے بڑی عمدگی سے مرتب کرتے ہوئے سوالات کئے ۔ دن بھر ریکارڈ کئے گئے سوالات کے علاوہ دوران پروگرام پوچھے جانے والے سوالات اور ذریعہ ای میل موصول ہوئے سوالات کو شامل پروگرام کر کے جوابات دئیے گئے ۔ پروگرام کے انعقاد میں ریڈیو اسٹیشن منیجر زاہد فاروقی ، مسٹر فہیم انصاری اور محمد منیر نے معاونت کی ۔