مرکزی حکومت کی اعلی سطحی ٹیم کا دورۂ وقف بورڈ

رینٹ اور لیز قواعد میں ترمیم کے لیے تجاویز طلب، صدرنشین محمد سلیم اور سی ای او شاہنواز قاسم سے ملاقات
حیدرآباد۔21 جون (سیاست نیوز) مرکزی وزارت اقلیتی امور کی اعلی سطحی ٹیم نے آج تلنگانہ وقف بورڈ کا دورہ کیا اور رینٹ/لیز رولز 2014ء میں مجوزہ ترمیمات کے بارے میں تجاویز حاصل کیں۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس ذبیح اللہ خان کے علاوہ کمیٹی کے ارکان آر ایس سکسینہ، سید شاہد حسین رضوی (ایڈوکیٹ)، ٹی نوشاد اور انل کمار گپتا نے تلنگانہ وقف بورڈ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے رائے حاصل کی۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہ نواز قاسم کے علاوہ دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ وقف بورڈ کے اسٹینڈنگ کونسلس نے بھی رینٹ اور لیز سے متعلق موجودہ قانون میں ترمیمات کی سفارش کرتے ہوئے تحریری مکتوب حوالہ کیا۔ جسٹس ذبیح اللہ خان نے بتایا کہ رینٹ اور لیز سے متعلقہ موجودہ قوانین میں ترمیم کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں مسلمانوں سے رائے حاصل کی جارہی ہے۔ وقف بورڈ میں کرایہ دار اور لیز پر حاصل کرنے والے افراد سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ ملک کی تمام ریاستوں کا دورہ کرنے کے بعد یہ کمیٹی حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کردے گی جس کے بعد پارلیمنٹ میں ترمیمی بل پیش کیا جائے گا۔ تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے صدرنشین محمد سلیم نے تحریری طور پر تجاویز پیش کیں اور کہا کہ موجودہ قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے وقف بورڈ کے موقف کو مستحکم کیا جانا چاہئے۔ وقف بورڈ کے بعض کرایہ داروں اور متولیوں نے بھی کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی اور تجاویز پیش کیں۔ وقف بورڈ کے اسٹانڈ کونسل ایم اے مجیب اور فاروق صلاح الدین نے تجاویز پیش کرتے ہوئے وقف بورڈ میں بااختیار رینٹ ریویو کمیٹی کی تشکیل کی سفارش کی۔ ایم اے مجیب نے تجویز پیش کی کہ 10 لاکھ روپئے کرایہ تک والی جائیدادوں کے لیز کی اجرائی کا اختیار وقف بورڈ کو دیا جائے جبکہ دیگر جائیدادوں کو آکشن کے ذریعہ لیز پر دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے جائیدادوں کو چار زمروں میں منقسم کرنے کی سفارش کی جن میں کمرشیل، ریزڈینشیل، انڈسٹریل اینڈ اگریکلچرل شامل ہیں۔ پراپرٹیز کے لیز یا رینٹ میں مسلمانوں کو ترجیح دی جائے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو کرایہ داروں کے تخلیہ کا اختیار دیا جائے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہ نواز قاسم نے کمیٹی کے ارکان کو تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کی صورتحال سے واقف کرایا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کمیٹی کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ وقف بورڈ نے غیر مجاز قبضوں کی برخاستگی اور آمدنی میں اضافہ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔