چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کا دورہ اننت پور کے موقع پر خطاب
حیدرآباد ۔ 10 اکٹوبر (سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی حکومت بالخصوص وزیراعظم نریندر مودی پر ’’آگ بگولہ‘‘ ہوتے ہوئے کہاکہ محض ریاست آندھراپردیش کو دیئے گئے تیقنات کو پورا نہ کرکے دھوکہ دینے کی وجہ سے ہی انہوں نے این ڈی اے سے علحدگی اختیار کی اور اب دیئے جانے والے دھوکہ اور ریاست کے ساتھ کی جانے والی ناانصافی کے خلاف جدوجہد کرنے پر تلگودیشم قائدین پر دھاوے کروانے جیسے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ مرکزی حکومت کے خلاف وہ محض ریاستی مفادات کی تکمیل اور ریاست کے عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے ہی جدوجہد کررہے ہیں اور اس جدوجہد میں انکا کوئی مفاد ہرگز نہیں ہے۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے آج اپنے دورہ ضلع اننت پور کے موقع پر اپنا اظہارخیال کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی حکومت ریاست کو کوئی رقومات فراہم نہیں کررہی ہے یہاں تک کہ ریاست کے پسماندہ اضلاع کو فراہم کی جانے والی رقومات بھی جاری نہیں کی ہے جبکہ ریاست تلنگانہ میں پسماندہ اضلاع کیلئے گذشتہ دنوں ہی رقومات جاری کرنے کا مرکزی حکومت نے اعلان کیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ ریاست کو فراہم کردہ رقومات بھی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ واپس حاصل کرلی گئیں۔ چیف منسٹر آندھراپردیش نے کہا کہ تلگودیشم کی این ڈی اے سے علحدگی اختیار کرنے کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی نے دونوں تلگو ریاستوں کے مابین نئے تنازعات پیدا کرنے کا آغاز کیا اور اس طرح ریاست آندھراپردیش کو نقصان پہنچانے کی پوری کوشش کی جارہی ہے ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ریاست میں سنگین خشک سالی سے دوچار رہنے والے ضلع اننت پور کو ہر شعبہ میں ترقی دیتے ہوئے ترقی یافتہ ضلع میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس ضلع میں بی ٹی پراجکٹ کو ماہ جنوری تک مکمل کرکے پانی فراہم کیا جائے گا اور ضلع میں 2022ء تک ایک لاکھ ایکڑ اراضیات کو پانی سربراہ کرنے کا منصوبہ مرتب کیا گیا۔ قبل ازیں رکن پارلیمان حلقہ لوک سبھا اننت پور تلگودیشم پارٹی مسٹر جے سی دیواکر ریڈی نے چندرا بابو نائیڈو کی زبردست ستائش کرتے ہوئے تعریفوں کے پل باندھ دیئے اور کہا کہ دریاؤں (ندیوں) کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کی ہم ایک طویل عرصہ سے سنتے رہے اور کوئی بھی ان ندیوں کو ایک دوسرے سے مربوط نہیں کرسکے لیکن اب تک جو ممکن ہیں ہوسکا۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے دونوں ندیوں کو ایک دوسرے سے مربوط کر دکھا کر نیا کارنامہ انجام دیا جس کی وجہ سے آج بیراوانی تپا پراجکٹ میں پانی کا ذخیرہ کیا جاسکا۔ انہوں نے چیف منسٹر سے اظہارتشکر کیا اور کہا کہ پولاورم پراجکٹ کیلئے مرکزی حکومت رقومات فراہم نہ کرنے کے باوجود تعمیری کاموں میں کوئی رکاوٹ نہ ہونے کے اقدامات کرتے ہوئے بہرصورت تعمیری کاموں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
درگاہ بائی دیشمکھ مہیلا سبھا اکیڈیمک کیمپس میں میتھامیٹکس کا تربیتی پروگرام
حیدرآباد ۔ 10 ستمبر (راست) ممتاز ماہر میتھامیٹکس (حساب) مسٹر رام کی جانب سے 11 تا 15 اکٹوبر لٹریسی ہاؤز، درگا بائی دیشمکھ مہیلا سبھا اکیڈیمک کیمپس واقع ودیانگر میں ’’ایزی وے ٹولرن میتھامیٹکس‘‘ (حساب سیکھنے کا آسان طریقہ کار) سے واقف کروایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں مذکورہ پانچ روزہ ٹریننگ پروگرام چھٹویں تا دسویں جماعت کے طلباء و طالبات کیلئے ہر روز 9:30 تا شام 4 بجے تک منعقد کیا جائے گا۔ خواہشمند طلباء و طالبات فون نمبر 9848080599 اور 9951210441 پر ربط پیدا کرکے اپنا نام رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔