تلنگانہ حکومت کی پالیسیاں بھی مخالف مزدور : بی وی راگھولو کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم مئی ( این ایس ایس ) سی پی ایم پولیٹ بیورو کے رکن بی وی راگھولو نے آج مرکز کی بی جے پی حکومت اور ریاست کی کے سی آر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں ہی حکومتیں ورکنگ کلاس اور مزدوروں کو ان کے حقوق سے محروم کر رہی ہیں۔ یوم مئی کے موقع پر ایم بسوا پنیا بھون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راگھولو نے دونوں حکومتوں پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ان دونوں نے مخالف مزدور پالیسیاں اختیار کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہی حکومتیں ورکرس اور لیبرس کے مفادات اور فلاح کے خلاف پالیسیاں اختیار کر رہی ہیں۔ انہوں نے حکومتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ ورکنگ کلاس طبقہ کو ان کے حقوق سے محروم کرنے کیلئے ہی لیبر قوانین میں اتھل پتھل کر رہی ہیں۔ راگھولو نے کہا کہ ورکنگ کلاس طبقہ آج بھی اپنی روز مرہ ضروریات کی تکمیل کیلئے جدوجہد کا شکار ہے جبکہ ورکرس کی بڑی تعداد ہنوز غیر منظم شعبہ میں ہے جس کی وجہ سے بیروزگاری کا شکار ہے اور وہ ملازمتوں کے مواقع حاصل کرنے سے محروم ہیں۔ اس موقع پر مرکز کی بی جے پی حکومت نے اور ریاست کی ٹی آر ایس حکومت نے ورکنگ کلاس طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی بھی اقدامات نہیں کئے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پی ایم کی جانب سے ورکنگ کلاس طبقہ کے مفادات کا تحفظ کرنے اور حکومت کو فلاحی اقدامات پر مجبور کرنے کیلئے قومی سطح پر اپنے احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ کلاس طبقہ کے مفادات کا تحفظ کرنا اور ان کی بہتری کیلئے اقدامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔