کئی کانگریس قائدین کی جلد ٹی آر ایس میں شمولیت ، رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت نے کئی اسکیمات کا اعلان کیا لیکن ان پر عمل آوری نہیں کی گئی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بی بی پاٹل نے کہا کہ گزشتہ 4 برسوں میں نریندر مودی حکومت نے کئی اسکیمات کا اعلان کیا اور ان پر موثر عمل آوری کا دعویٰ کیا جارہا ہے لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ تلنگانہ میں مرکزی اسکیمات پر عمل آوری کی رفتار انتہائی سست ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہے ۔ لہذا وہ کے سی آر حکومت پر الزام تراشی میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظہیر آباد سے تعلق رکھنے والے بعض اہم کانگریس قائدین بہت جلد ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ یہ قائدین ٹی آر ایس قیادت سے ربط میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظہیر آباد پارلیمانی حلقہ میں گزشتہ چار برسوں کے دوران جو ترقیاتی کام انجام دیئے گئے ، اس کی مثال سابق میں نہیں ملتی۔ متحدہ آندھراپردیش میں کانگریس اور تلگو دیشم حکومتوں نے تلنگانہ کو نظر انداز کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مساعی سے ظہیر آباد اسمبلی حلقہ میں صنعتوںکا قیام عمل میں آرہا ہے جس سے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ طرز کی سہولتوںکے ساتھ گورنمنٹ ہاسپٹل قائم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں سڑکوں کی تعمیر پر توجہ نہیں دی گئی لیکن ٹی آر ایس حکومت نے سڑکوںکی تعمیر کے ساتھ سڑکوںکی توسیع کا کام بھی انجام دیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے شہر اور اس کے اطراف ترقیاتی اقدامات کا سہرا کے ٹی آر کے سر باندھتے ہوئے کہاکہ وزیر بلدی نظم و نسق کی حیثیت سے کے ٹی آر نے حیدرآباد کی ترقی کے اقدامات کئے ہیں۔ حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کیلئے کے ٹی آر کی مساعی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ظہیر آباد میں پاسپورٹ مرکز قائم کیا جائے گا۔