حکومت تلنگانہ کو 8 کروڑ 66 لاکھ باقی ، سبسیڈی قرض کیلئے درخواستوں کی تفصیلات بینکس کو جاری کردئیے گئے
حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے اقلیتی طلبہ کی اسکالر شپ کے سلسلہ میں قابل ادائی میچنگ گرانٹ کی رقم آندھرا پردیش حکومت نے جاری کردی ہے جبکہ تلنگانہ حکومت نے ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ مرکز کی پری میٹرک اسکالر شپ اور پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کے سلسلہ میں دونوں حکومتوں کو مجموعی طور پر 20کروڑ 57لاکھ روپئے جاری کرنے باقی تھے جس میں سے آندھرا پردیش حکومت نے اپنے حصہ کے طور پر 12کروڑ روپئے جاری کردیئے جبکہ تلنگانہ حکومت کو 8کروڑ 66لاکھ روپئے جاری کرنے ہیں۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ میچنگ گرانٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں دونوں حکومتوں کو توجہ دہانی کے بعد آندھرا پردیش نے اپنے حصہ کی رقم جاری کردی ہے تاہم یہ رقم اقلیتی بہبود کے اکاؤنٹ میں جمع ہونے کیلئے کچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کو آج ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے 8 کروڑ 66لاکھ روپئے جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کے سلسلہ میں منظورہ درخواستوں کی تفصیلات بھی روانہ کی۔ پری میٹرک اسکالر شپ کے تحت 76ہزار37 طلبہ کو رقم کی اجرائی باقی ہے جبکہ پوسٹ میٹرک کے تحت1922 طلبہ کی درخواستیں منظور کی گئیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ دونوں حکومتوں کی جانب سے میچنگ گرانٹ اقلیتی بہبود کے اکاؤنٹ میں جمع ہوتے ہی طلبہ کو اسکالر شپ کی رقم جاری کردی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی قرض سے مربوط سبسیڈی کی فراہمی سے متعلق اسکیم پر عمل آوری کی دونوں حکومتوں سے منظوری حاصل ہونے کے بعد اقلیتی فینانس کارپوریشن نے متعلقہ بینکوں سے ربط قائم کرتے ہوئے انہیں منظورہ درخواستوں کی تفصیلات روانہ کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بینکوں سے منظوری کے حصول کے بعد سبسیڈی کی رقم منظورہ درخواست گذاروں کے اکاؤنٹ میں جمع کردی جائے گی۔ بعد میں متعلقہ بینکس قرض کی منظورہ رقم اکاؤنٹ میں جمع کریں گے جس کے بعد ہی اکاؤنٹ قابل استعمال رہے گا۔