مرکزی حکومت تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے عہد کی پابند

کروڑہا نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا عزم، مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ کا خطاب
حیدرآباد 22 مارچ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر لیبر و روزگار مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے کہاکہ ای پی ایف او نے 4.35 کروڑ یونیورسل اکاؤنٹرس (UAN) جاری کیا ہے جن کے منجملہ صرف 10 فیصد یعنی 44 لاکھ یونیورسل اکاؤنٹ نمبرس ہی کارکرد ہوئے ہیں۔ وہ آج یہاں پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی۔ اُنھوں نے بتایا کہ ایسے ایمپلائز یا ممبرس جو یونیورسل اکاؤنٹ نمبرس سے مربوط نہ ہوئے ہوں ان کے لئے عنقریب ای پی ایف او کی جانب سے ٹول فری نمبر جاری کیا جائے گا جس پر صرف مس کال دینے پر اکاؤنٹ ہولڈر کے پی ایف اکاؤنٹ میں موجود بیالنس رقم سے متعلق تفصیلات پر مبنی ایس ایم ایس آجائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ موجودہ کارکرد یونیورسل اکاؤنٹ نمبر کے ممبرس کی جانب سے ہر ماہ ڈپازٹ ہونے والی رقم کو ایس ایم ایس کے ذریعہ تفصیلات سے آگاہ کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے تمام سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر یونیورسل اکاؤنٹ نمبر کو کارکرد بناتے ہوئے سابقہ پی ایف اکاؤنٹس کو موجودہ پی ایف اکاؤنٹ میں تبدیل کرتے ہوئے فوائد حاصل کریں۔ اُنھوں نے بتایا کہ ای پی ایف او جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ سالانہ اکاؤنٹس سال 2014-15 ء کے ماہ اپریل کے پہلے ہفتہ تک زائداز 14کروڑ ممبرس کو یو اے این سے مربوط کیا جائے گا جنھیں ماہ اپریل کے پہلے ہفتہ کے اختتام تک پی ایف بیالنس دیکھنے کی سہولت حاصل ہوجائے گی جو ایک تاریخ ساز کارنامہ ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ہر مہینہ کے پہلے کام کے دن ہی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ ملک بھر میں زائداز 50 لاکھ پنشن ڈپازٹ کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت ورکرس کو سماجی تحفظ (Social Security) کے فوائد پہنچانے کی غرض سے مذکورہ اسکیم پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 90 فیصد ورکرس سوشیل سکیوریٹی سے محروم ہیں جنھیں سوشیل سکیوریٹی فراہم کرنے کی جدوجہد کی جارہی ہے۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے کہاکہ مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت ملک کے تمام طبقات ایس سی، ایس ٹی، بی سی، کمزور اور پسماندہ طبقات اور ورکرس کی فلاح و بہبود اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی پابند عہد ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عنقریب ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ اور کہاکہ مرکزی حکومت تعلیم یافتہ نوجوانوں میں اسکل ڈیولپمنٹ کو پروان چڑھاتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی مساعی کررہی ہے۔ اُنھوں نے پارلیمنٹ میں قانون حصول اراضی کی منظوری پر کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے اعتراض کرتے ہوئے حکومت پر کارپوریٹ شعبہ کی پشت پناہی کرنے کا الزام عائد کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ قانون حصول اراضی پر عمل آوری سے نہ صرف کسان طبقہ کو فائدہ ہوگا بلکہ مذکورہ قانون کے تحت اراضیات پر بڑی بڑی صنعتوں کے قیام اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری مشغول کرنے سے بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے ذرائع بھی میسر ہوں گے۔ اُنھوں نے کانگریس اور بائیں بازو کو انتباہ دیا کہ وہ مرکزی حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے سے احتیاط برتیں اور حکومت کی جانب سے عوام کو فائدہ پہنچانے والی ترقیاتی اسکیمات میں رکاوٹ نہ بنیں۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے یقین کا اظہار کیاکہ گرائجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں دو حلقوں سے بی جے پی کے امیدواروں کی بھاری اکثریت سے کامیابی کے روشن امکانات ہیں۔ اس موقع پر بی جے پی قائدین مسرز کمار اور کرشنا ساگر بھی موجود تھے۔