حیدرآباد ۔ 29 ؍ ڈسمبر ( سیاست نیوز) سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان کے ایک وفد نے آج صدر جمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی سے ملاقات کی ۔ اور ریاست کی تقسیم کے خلاف ایک تفصیلی یادداشت پیش کرتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند کو ریاست کی تقسیم کے خلاف کئی امور و نکات سے بھی واقف کروایا ۔ ملاقات کے بعد راشٹراپتی نیلائم بولارم کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سبم ہری اور ایل راجگو پال ارکان پارلیمان کانگریس پارٹی سیما آندھرا علاقہ نے مذکورہ اظہار خیال کیا اور بتایا کہ مرکزی حکومت ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے مسئلہ پر اپنی سابقہ روایات پر عمل نہیں کر رہی ہے جس کے باعث مرکزی حکومت اقلیت میں آچکی ہے ۔ کیونکہ کئی ارکان پارلیمان مرکزی حکومت اور کانگریس پارٹی ہائی کمان کے اس فیصلہ سے خوش نہیں ہیں بلکہ اس فیصلہ کی سخت مخالفت کر رہے ہیں ۔ ان ارکان پارلیمان نے پرزور الفاظ میں کہا کہ صدر جمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی از خود ریاست اور ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر بخوبی واقفیت رکھتے ہیں ۔ لہذا انہیں مکمل تفصیلات سے واقف کروانے کی چنداں ضرورت بھی نہیں ہے ۔
لیکن سیما آندھرا ارکان پارلیمان نے صدر جمہوریہ ہند چونکہ اپنی سرمائی چھٹیوں کے سلسلہ میں جنوبی ہند کے دورہ کے لئے شہر حیدرآباد آئے ہوئے ہیں اپنی ملاقات کو ضروری سمجھا اور ملاقات کرکے تفصیلی بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے کئی ارکان پارلیمان نے ریاست کی تقسیم کے خلاف اب تک ہی اسپیکر لوک سبھا محترمہ میرا کماری کو اپنے مکتوب استعفے پیش کرچکے ہیں لیکن اسپیکر ان استعفوں کو منظور نہ کرکے زیر التواء رکھے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس ارکان اسمبلی پارٹی سے مستعفی ہوں گے ۔ لیکن وہ کسی پارٹی میں شامل ہونے والے ہیں میں نے کبھی کوئی اظہار نہیں کیا ہے ۔ تاہم وہ کس پارٹی میں شامل ہوں گے ۔ ان کی مرضی کی بات ہے ۔ مسٹر راج گوپال نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی انہیں ٹکٹ دے یا نہ دے اور کسی کو بھی دیں تو مکمل مدد و تعاون کر کے اس امیدوار کو کامیاب بنایا جائیگا ۔ علاوہ ازیں ان ارکان پارلیمان نے بتایا کہ ہمارے خیالات سے صدر جمہوریہ ہند کو واقف کروایا گیا ہے اور بالخصوص ریاست کی تقسیم و دستور کے مغائر کئے جانے سے بھی صدر جمہوریہ ہند کو واقف کروایا گیا ہے ۔