مرکزی حکومت آندھرا پردیش کو خصوصی پیاکیج فراہمی کیلئے تیار،فینانس کمیشن میں خصوصی موقف کا لفظ ہی نہیں ، پورندیشوری

حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی قائد و سابق مرکزی وزیر شریمتی ڈی پورندیشوری نے کہا کہ 14 ویں فینانس کمیشن میں خصوصی موقف سے متعلق لفظ کے کوئی معنی ہی نہیں ہیں ۔ آج یہاں وہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تب کی سابق مرکزی کانگریس حکومت آندھرا پردیش کیلئے خصوصی موقف نہ دینے کیلئے 14 ویں فینانس کمیشن سے خصوصی طور پر نہ کہنے کے باوجود سابق مرکزی حکومت کے اقدامات اسی طرح کے ہیں ۔ انہوں نے ملک کی مختلف ریاستوں میں پائی جانے والی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ملک میں جملہ ریاستوں کے منجملہ 11 ریاستیں خصوصی موقف کا مطالبہ کررہی ہیں ۔ جس کے پیش نظر موجودہ بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کیلئے ان 11 ریاستوں کو خصوصی موقف فراہم کرنا اگر ناممکن بھی ہو تو کم از کم خصوصی پیاکیج ان ریاستوں کو فراہم کرنے کیلئے حکومت بالکلیہ طور پر تیار ہے اور ان ریاستوں میں ریاست آندھرا پردیش بھی شامل رہیگی ۔ شریمتی ڈی پورندیشوری سابق مرکزی وزیر و قائد بی جے پی نے واضح طور پر کہا کہ مرکزی حکومت آندھرا پردیش کو درپیش مالی مسائل کی یکسوئی کیلئے بہر صورت تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش میں جہاں 16 ہزار کروڑ روپئے کا خسارہ بجٹ پایا جاتا ہے وہیں مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کو اب تک ہی ابتدائی طور پر 4 ہزار کروڑ روپئے فراہم کی ہے اور سال 2019 تک ماباقی خسارہ بجٹ کی رقومات 12 ہزار کروڑ روپیوں کی پابجائی بھی کرے گی ۔۔