مرکزی حکومت ، قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام

ریاستی حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام : محترمہ سبیتا اندرا ریڈی
شمس آباد ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد منڈل کانگریس پارٹی کی جانب سے احتجاجی پروگرام منعقد کیا گیا تھا جس میں محترمہ سبیتا اندرا ریڈی سابق ہوم منسٹر و تلنگانہ پردیش کانگریس نائب صدر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ پٹرول ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے کانگریس پارٹی نے دھرنا منعقد کیا ۔ سبیتا اندرا ریڈی کی قیادت میں بیل گاڑی پر جلوس نکالا گیا ۔ بس اسٹانڈ چوراہے پر احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت بڑھتی قیمتوں خاص کر پٹرول ، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ وزیراعظم صرف زبانی وعدے کرتے ہوئے عوام کو اچھے دن کے خواب دکھاتے ہوئے ملک کی معیشت کو برباد کرچکے ہیں یو پی اے کے دور میں تمام اشیاء کی قیمتوں پر قابو تھا ۔ مرکزی حکومت نے پہلے نوٹ بندی اور پھر جی ایس ٹی اور اب پٹرول ، ڈیزل اور گیس کے ذریعہ عوام پر زائد بوجھ ڈال رہی ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بڑھتی قیمتوں میں کمی کے اقدامات کرتے ہوئے پٹرولیم اشیاء پر اضافی قیمتوں سے دستبرداری اختیار کریں ۔ دوسری جانب ریاستی حکومت صرف زبانی وعدے کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہی ہے ۔ 2019 انتخابات میں مرکزی اور ریاستی حکومت کو عوام ہی سبق سکھائیں گے ۔ ریاستی حکومت نئے نئے اعلانات کررہی ہے ۔ لیکن اس پر عمل نہیں کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر کارتک ریڈی چیوڑلہ پارلیمنٹ انچارج ، چکلہ ایلیا منڈل صدر ، وینو گوڑ پی سی سی ممبر ، بی ستیش کانگریس منڈل صدر و زیڈ پی ٹی سی ممبر ، شنکر ریڈی ٹاون صدر ، راچاملا سدیشور سرپنچ ، محمد شمس الدین ڈپٹی سرپنچ ، محمد تاج بابا میناریٹی سیل ٹاون صدر ، کلم نرسمہا ، بھاسکر ریڈی ، مرلیدھر ریڈی ، چکردھر ریڈی کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔