سعودی عرب کے مختلف تنظیموں سے مشاورت، مرغوب احمد نائب صدر مرکزی حج کمیٹی کا بیان
حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز) حج کمیٹی کے توسط سے حج بیت اللہ کے لئے روانہ ہونے والے عازمین حج کو مدینہ منورہ میں قیام کے دوران مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے طعام کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکزی حج کمیٹی مدینہ منورہ میں قیام کے دوران عازمین حج کو دو وقت کا کھانا مہیا کروائے گی۔ اِس کے لئے 14 ریال فی کس وصول کئے جائیں گے۔ دو وقت کے کھانے کی قیمت کے طور پر وصول کئے جانے والے 14 ریال میں ظہرانہ و عشائیہ کا انتظام ہوگا جبکہ ناشتہ حج کمیٹی کی جانب سے اعزازی طور پر دیا جائے گا۔ جناب مرغوب احمد نائب صدر مرکزی حج کمیٹی نے اِس بات کی توثیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی حج کمیٹی نے حجاج کرام کی سہولت کے لئے نہ صرف مدینہ منورہ میں طعام کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ مکہ مکرمہ میں بھی ہندوستانی حجاج کرام کو طعام کی سہولت کی فراہمی کے متعلق مشاورت کا عمل جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حج کمیٹی نے اس سلسلہ میں سعودی عرب کے مختلف تنظیموں سے مشاورت کے بعد اِس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ہندوستانی عازمین حج کو جدہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران ہندوستانی کھانوں کی سربراہی کا انتظام کیا جائے۔ مرکزی حج کمیٹی کے اعلیٰ عہدیداروں کے بموجب ہندوستانی عازمین حج کو سعودی عرب میں قیام کے دوران کھانے کے لئے پیش آنے والی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے گزشتہ ایک برس سے اِس مسئلہ پر غور کیا جارہا تھا اور گزشتہ چند دنوں کی مشاورت کے بعد مدینہ منورہ میں فی کس 14 ریال میں دو وقت کا کھانا مہیا کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اِس خصوص میں بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب کی ایک کمپنی سے معاہدہ بھی کیا جاچکا ہے۔ اِس سلسلہ میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حجاج کرام کو طعام کی سہولت کی فراہمی سے نہ صرف حجاج کرام کو سہولت ہوگی بلکہ اُنھیں ہندوستانی کھانوں کا ذائقہ بھی حاصل ہوجائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق میں ہندوستانی حجاج کرام کی جانب سے اِس بات کی متعدد شکایتیں موصول ہوئی ہیں کہ عربی کھانوں کے باعث اُن کے نظام ہاضمہ متاثر ہورہا تھا جس کے سبب وہ ہندوستانی طعام خانوں میں زائد قیمت ادا کرتے ہوئے کھانے پر مجبور تھے۔ مرکزی حج کمیٹی نے حجاج کرام کی دشواریوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ مدینہ منورہ میں جو سہولت اِس سال حج کے دوران حجاج کرام کو فراہم کی جائے گی، اِس سہولت کو جدہ میں بھی فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آئندہ برس اس سہولت سے استفادہ کے خواہشمندوں کے لئے یہیں حج درخواست فارم کے ادخال کے دوران ہی مطلع کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ حج 2014 ء کے دوران مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے مختلف سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ حجاج کرام کو طعام کی سہولت کی فراہمی پر مرکزی حج کمیٹی کے ذمہ داران کافی مسرور ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ چند یوم میں جدہ و مکہ مکرمہ میں بھی اس سہولت کی توسیع کا قطعی فیصلہ کرلیا جائے گا۔