مسلم گریجویٹس سے زیادہ استفادہ پر زور ، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے مسلم گریجویٹس کو آئی اے ایس اور دیگر متعلقہ سروسیس کے امتحانات کی مفت کوچنگ فراہم کی جاتی ہے ۔ یہ کوچنگ پروگرام ہر سال پابندی سے منعقد کیا جاتا ہے ۔ چنانچہ اس کوچنگ پروگرام کے آٹھویں بیاچ کا 5 ستمبر 2016 سے حج ہاوز ممبئی میں آغاز ہوگا ۔ پروفیسر ایس ایس شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے کہا کہ اس کوچنگ پروگرام کے لیے ملک بھر سے جملہ 50 امیدواروں کا ایک تحریری امتحان اور زبانی انٹرویو کے ذریعہ انتخاب عمل میں آئے گا ۔ تحریری امتحان 28 مئی کو ملک کے چھ بڑے شہروں میں منعقد ہوتا ہے جن میں حیدرآباد بھی شامل ہے ۔ درخواستیں حج کمیٹی کی ویب سائٹ hajcommittee.com پر داخل کی جاسکتی ہیں اور اسی ویب سائٹ سے تفصیلی معلومات اور پراسپکٹس حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ آن لائن درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 10 مئی ہے ۔ پرسنالیٹی ٹسٹ اور زبانی انٹرویو 16 اور 17 جولائی کو حج کمیٹی ممبئی میں منعقد ہوگا ۔ منتخب امیدواروں کے لیے کوچنگ اور گائیڈنس ، لکچرز ، اسٹڈی میٹریل ، کمپیوٹر و انٹرنیٹ اور ہاسٹل کی سہولتیں مفت ہوں گی ، تاہم طعام کے لیے اندازا فی کس پانچ ہزار روپئے چارج کئے جائیں گے ۔ امیدواروں کو آئی اے ایس پری اور آئی اے ایس مین اگزام کے علاوہ پرسنالیٹی ٹسٹ کی ٹریننگ دی جائے گی ۔ انہوں نے مسلم گریجویٹس سے اپیل کی کہ وہ اس موقعہ سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں ۔۔