نئی دہلی ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) حج کمیٹی میں بڑے پیمانہ پر فنڈس کے تغلب اور بدانتظامیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی ہے۔خادم الحجاج و عمرہ فاؤنڈیشن نے یہ درخواست دائر کی جس پر سپریم کورٹ نے سماعت سے اتفاق کرلیا۔مرکز ، وزارت امور خارجہ اور مرکزی حج کمیٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون چار ہفتے جواب دینے کی ہدایت دی ہے۔ درخواست میں سالانہ 600 کروڑ روپئے اسکام کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ عازمین حج اڈوانس رقم جمع کراتے ہیں جس پر ایک خطیر رقم سود کے طور پر حاصل ہوتی ہے جو کہ غیر اسلامی ہے۔ اسی طرح حج کمیٹی سے سعودی ریال کی خریدی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ عازمین حج کی روانگی و واپسی کیلئے عدالتی احکامات کے باوجود عالمی ٹنڈرس طلب نہیں کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے عازمین حج سعودی ایرلائینس اور ایر انڈیا کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔ درخواست میں حج سیزن شروع ہونے سے قبل مالیاتی امور مختلف معاملات اور فنڈس کی سی اے جی تحقیقات کی خواہش کی گئی ہے۔
اینٹی کرپشن بلز پر آرڈیننس جاری کرنے کیلئے حکومت تیار
نئی دہلی ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی کی ایماء پر مرکزی حکومت نے دو انسداد کرپشن بلز اور تین قانون سازی کے سلسلہ میں بہت جلد آرڈیننس جاری کرنے کی تیاری کرلی ہے جنہیں حالیہ پارلیمنٹ سیشن میں منظوری نہیں مل سکی۔ ذرائع نے بتایا کہ کرپشن کی روک تھام (ترمیمی) بل اور شہریوں کیلئے اشیاء کی بروقت ترسیل وازالہ شکایات بل پر آرڈیننس تیار ہے۔ انہیں جاریہ ہفتہ مرکزی کابینہ میں پیش کیا جاسکتا ہے۔