نئی دہلی ۔23جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) الیکشن کمیشن نے آج مرکز کو یکم فبروری کو بجٹ پیش کرنے کی اجازت دیدی ، تاہم کہا کہ جن پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہورہے ہیں اُس سے متعلق کسی اسکیم کا اعلان نہ کیا جائے ۔ وزیر فینانس کو اپنی تقریر میں ان ریاستوں میں حکومت کی کامیابی کا بھی تذکرہ نہیں کرنا ہوگا ۔ کمیشن نے 2009ء میں جاری کردہ ہدایات کی یاددہانی کروائی جس میں کہا گیا کہ عام روایت کے مطابق انتخابات سے قبل مکمل بجٹ کی بجائے علی الحساب بجٹ پیش کیا گیا تھا ۔ کمیشن نے کہاکہ آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا ۔ الیکشن کمیشن نے کابینی سکریٹری پی کے سنہا کو یہ ہدایات جاری کیں ۔