مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی

مسلمانوں کی ترقی کیلئے کے سی آر کے وعدوں کی تکمیل کا عزم: رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ
حیدرآباد۔27جولائی(سیاست نیوز)عالم اسلام کو عید الفطر کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ کونڈا ویشویشو ار ریڈی نے کہاکہ نئی ریاست تلنگانہ میں رمضان کی آمدتلنگانہ کی عوام کے لئے ایک خوش آئند بات ثابت ہوئی ہے۔ اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ویشوویشوار ریڈی نے مزیدکہاکہ مرکزی حکومت نے اپنے عبوری بجٹ میںتلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے باوجود اسکے تلنگانہ میں خوشحالی اور ترقی کے جووعدے وزیر اعلی کے چندرشیکھر رائو نے تلنگانہ کی عوام کے ساتھ کئے ہیں ان کو پورا کیا جائے گا۔انہوں نے مزیدکہاکہ انتخابات کے دوران پارلیمانی حلقہ چیوڑلہ کی عوام بالخصوص مسلمانوں سے کئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کے لئے ایک دفتر چیوڑلہ پارلیمانی حلقہ کے علاقے شیرلنگم پلی میںقائم کیا جارہا ہے جہاں پر عوام ہر ہفتے کی صبح 9تا بارہ بجے دوپہر ان سے ملاقات کرسکتے ہیں اور عام دنوں میں بنجارہ ہلز پر واقعہ ان کے دفتر پر صبح نو تا گیارہ مسائل کے متعلق نمائندگی کی جاسکتے ہے۔ انہو ںنے پارلیمانی حلقہ چیوڑلہ سے اپنے کامیابی کوتلنگانہ حامیوں کا مرہون منت قراردیا اور کہاکہ وہ پارلیمانی حلقہ چیوڑلہ کی ترقی کے جامعہ منصوبہ رکھتے ہیںجس پر عنقریب عمل آواری کا آغاز عمل میںائے گا۔اس موقع پر ٹی آر ایس قائدین شیخ صالح ‘ عبدالمقیت چندہ‘ ارشد علی خان بھی موجود تھے۔