سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی تزئین نو ، وزیر ریلوے سریش پربھو افتتاح کریں گے
حیدرآباد۔ 5 فروری (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے اپنے پیش کردہ نئے بجٹ میں تلنگانہ جیسے پسماندہ علاقہ میں زیادہ سے زیادہ ریلوے سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کئے اور کئی نئی ریلوے لائینس کی منظوری دیتے ہوئے رقومات بھی مختص کئے گئے۔ اس کے علاوہ اسٹیشن ری ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت سکندرآباد ریلوے اسٹیشن اور وجئے واڑہ ریلوے اسٹیشن کی ازسرنو تزئین نو (ای ڈیولپمنٹ) کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس ’’اسٹیشن ری ڈیولپمنٹ‘‘ پروگرام کا مرکزی وزیر ریلوے سریش پربھو افتتاح کریں گے جبکہ اس اسٹیشن ری ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت ملک بھر میں 23 ریلوے اسٹیشنوں کا انتخاب کیا گیا۔ آج یہاں جنرل مینیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ونود کمار یادو اور دیگر اعلیٰ عہدیداران ریلوے کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر محنت و روزگار بنڈارو دتاتریہ نے اس بات کا انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سال کے دوران یو پی اے حکومت نے تلنگانہ میں ریلوے لائینوں کی منظوری کو بالکلیہ طور پر نظرانداز کردیا گیا تھا لیکن موجودہ نریندر مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت نے علاقہ تلنگانہ میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے کیلئے 1729 کروڑ روپئے بجٹ میں مختص کئے گئے جبکہ گزشتہ سال صرف 610 کروڑ روپئے منظور کئے گئے تھے۔ اس سلسلے میں انہوں نے نہ صرف وزیر ریلوے بلکہ وزیراعظم سے بھی موثر نمائندگی کی تھی جس کی روشنی میں ہی اس مرتبہ مرکزی بجٹ میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے کیلئے تین گنا اضافی رقومات مختص کی گئیں۔ مرکزی وزیر محنت و روزگار نے وزیراعظم اور وزارت ریلوے سے اظہار تشکر کیا اور بتایا کہ ضلع میدک میں اکناپیٹ تا میدک کو ریلوے لائن سے مربوط کرنے کیلئے نئی ریلوے لائنس کی منظوری خوش آئند اقدام ہے جس کیلئے 196 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔