مرکزی بجٹ تمام طبقات کیلئے فائدہ مند: تلگودیشم

حیدرآباد۔ یکم فبروری، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی آندھرا پردیش نے پارلیمنٹ میں آج پیش کردہ مرکزی بجٹ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ آج کا پیش کردہ بجٹ تمام طبقات کے عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ صدر تلگودیشم پارٹی آندھرا پردیش مسٹر کلا وینکٹ راؤ نے مرکزی بجٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی ضروریات ، مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے بجٹ مرتب کیا ہے اور بالخصوص زرعی شعبہ پر اولین ترجیح دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ رقومات مختص کی گئیں اور قومی دیہی روزگار طمانیت اسکیم کیلئے سال گذشتہ کے مقابلہ میں 11 ہزار کروڑ روپئے زائد مختص کئے گئے۔ مرکزی حکومت کو اس اقدام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر وینکٹ راؤ نے راجدھانی کے کسانوں کو ’’ کیپٹل گین ‘‘ ٹیکسیس میں استثنیٰ دیئے جانے کی زبردست ستائش کی اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے وشاکھاپٹنم ریلوے زون کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ کی روشنی میں وشاکھاپٹنم میں نئے ریلوے زون کے قیام کے قوی امکانات پائے جاتے ہیں اور قوی توقع پائی جاتی ہے۔
صدر تلگودیشم پارٹی نے ریاست آندھرا پردیش کیلئے گریجن و سنٹرل یونیورسٹی کیلئے رقومات مختص کئے جانے پر بھی مسرت کا اظہار کیا۔