مرکزی بجٹ ، غریب آدمی و کسان دوست ، بی جے پی تلنگانہ کا خیر مقدم ، جی کشن ریڈی کا ادعا

حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن اسمبلی مسٹر جی کشن ریڈی نے مرکزی وزیر فینانس کے پیش کردہ بجٹ کا خیر مقدم کیا اور اس بجٹ کو غریب آدمی و کسان دوست بجٹ سے تعبیر کیا اور کہا کہ بجٹ میں کسانوں کی بہبود کے لیے کافی اہمیت و ترجیح دی گئی ۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کشن ریڈی نے مرکزی حکومت کے پیش کردہ بجٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا اور کہا وزیر فینانس کا پیش کردہ بجٹ تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے مددگار ثابت ہوگا ۔ لہذا اس بجٹ کا ہر ایک سے خیرمقدم کرنے کی پر زور خواہش کی ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے اپنے اس پیش کردہ بجٹ میں عوام پر کوئی زائد مالی بوجھ عائد نہیں کیا بلکہ کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی شعبہ اور دیہی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سابق میں اس طرح کبھی بھی رقومات بجٹ میں مختص نہیں کئے گئے ۔ مسٹر کشن ریڈی نے مزید کہا کہ پیش کردہ مرکزی بجٹ کسانوں میں مرکزی حکومت کے تعلق سے ایک نیا اعتماد و بھروسہ پیدا کرنے میں انتہائی ممد و معاون ثابت ہوگا ۔۔