مرکزی اسکالر شپ میں اضافہ کا جائزہ لینے کا تیقن

سکریٹری وزارت اقلیتی امور مایارام کا دورہ حج ہاوز ، کارکردگی کا جائزہ
حیدرآباد۔/18نومبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزارت اقلیتی اُمور کے سکریٹری اروند مایا رام نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو تیقن دیا کہ مرکزی حکومت اسکالر شپ کی فراہمی کے سلسلہ میں تلنگانہ کیلئے کوٹہ میں اضافہ کا جائزہ لے گی۔ اروند مایا رام جو دیگر عہدیداروں کے ساتھ حیدرآباد کے دورہ پر ہیں آج حج ہاوز پہنچ کر مختلف اقلیتی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور، ڈائرکٹر دائرۃ المعارف ڈاکٹر مصطفی شریف اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ مرکزی اسکیمات پر تلنگانہ میں عمل آوری کی پیشرفت پر سکریٹری حکومت ہند نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے مرکزی حکومت کی اسکالر شپ پر عمل آوری کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں حکومت ہند کی پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم منس اسکالر شپ کیلئے مقررہ نشانہ سے کہیں زیادہ درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ مقررہ کوٹہ میں اضافہ نہ کرنے کی صورت میں تقریباً 50ہزار سے زائد اقلیتی طلبہ اسکالر شپ سے محروم ہوجائیں گے۔ انہوں نے وزارت اقلیتی اُمور کی جانب سے دونوں ریاستوں کیلئے مقررہ کوٹہ میں اضافہ کی تجویز پیش کی۔ تلنگانہ کے اعداد و شمار کے مطابق تینوں زمروں میں جملہ کوٹہ 77931ہے جبکہ ایک لاکھ 36ہزار 665 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ سکریٹری وزارت اقلیتی اُمور نے اس مسئلہ کا جائزہ لینے اور نئی دہلی پہنچ کر متعلقہ وزیر سے نمائندگی کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی اُمور تلنگانہ کے کوٹہ میں اضافہ کی مساعی کرے گا۔ انہوں نے کارپوریشن کی جانب سے خواتین کی معاشی اور تعلیمی ترقی کے سلسلہ میں بعض نئی اسکیمات کے آغاز کی تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو خود مکتفی بنانے کیلئے اگر اقلیتی ادارے اسکیمات کا آغاز کریں تو مرکز ممکنہ تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز خواتین کی ترقی کے سلسلہ میں نئی اسکیمات کے آغاز میں دلچسپی رکھتا ہے۔ مرکزی وزیر اقلیتی اُمور نجمہ ہپۃ اللہ کو تلنگانہ اقلیتی اداروں کی کارکردگی اور بجٹ میں اضافہ جیسی تجاویز سے واقف کرائیں گے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر نے مختلف اداروں کی کارکردگی پر مشتمل پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا جس میں اسکیمات اور بجٹ کا احاطہ کیا گیا ہے۔ حکومت ہند کی پری میٹرک اسکالر شپ کے تحت ریاستی حکومت کو میچنگ گرانٹ کے طور پر 20کروڑ 57لاکھ روپئے جاری کرنے ہیں۔ اس رقم کی اجرائی سے 76ہزار اقلیتی طلبہ کو اسکالر شپ جاری کی جائے گی۔ پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم منس اسکالر شپ کے سلسلہ میں تمام درخواستوں کی یکسوئی کردی گئی ہے۔