ایک سال کی تکمیل پر ریاستی بی جے پی کا جشن ، جی کشن ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے آج پارٹی کیڈر پر زور دیا کہ وہ این ڈی اے کے ایک سالہ دور اقتدار میں نریندر مودی حکومت کی کامیابیوں سے عوام کو واقف کروائیں ۔ مودی حکومت کے ایک سال کی تکمیل پر کشن ریڈی اور مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے پارٹی آفس میں جشن میں حصہ لیا اور مٹھائیاں تقسیم کیں ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ میڈیا کی اطلاعات اور سروے رپورٹس میں واضح ہوگیا ہے کہ نریندر مودی حالیہ وقتوں میں ہندوستان کے بہترین وزیر اعظم ہیں ۔ انہوں نے نہ صرف کرپشن سے پاک انتظامیہ فراہم کیا ہے بلکہ جن دھن یوجنا ، بیٹا پڑھاؤ ، دیش بچاؤ ، واجپائی انشورنس اسکیم اور کئی دوسری فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ مسٹر کشن ریڈی نے کہا کہ پارٹی قائدین اور کیڈر کو چاہئے کہ وہ حکومت کی کامیابیوں اور ان فلاحی اسکیمات کے تعلق سے تشہیر کریں اور عوام کو ان سے واقف کروایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کیڈر کو عوام کی توقعات کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ کیڈر کو حیدرآباد اور ورنگل میں کارپوریشن انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے جدوجہد کا بھی انہوں نے مشورہ دیا ۔ سٹی بی جے پی کی جانب سے بھی مرکزی حکومت کے ایک سال کی تکمیل پر شہر میں مختلف پروگرامس منعقد کئے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔۔