بہرام پور( مغربی بنگال) ۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرشد آباد میڈیکل کالج ہاسپٹل میں اچانک آگ لگنے سے بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجہ میں دو افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہاسپٹل کے میڈیکل وارڈ کے خالی وی آئی پی کیبن میں اے سی مشین سے آگ بھڑک اٹھی لوگ خوف کے عالم میں تیزی سے باہر نکلنے کی کوشش کررہے تھے اور بھگدڑ کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ اس بھگدڑ میں دو آیائوں کی موت واقع ہوگئی۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ متصلہ وارڈ میں موجود تمام مریضوں بشمول چھوٹے بچوں کے وارڈ سے تمام کو دوسری جگہ منتقل کردیا گیا ہے۔ یہ واقعہ 11:50 بجے دن پیش آیا۔ چیف منسٹر ممتابنرجی نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد چار رکنی اعلی اختیاری ٹیم کو کولکتہ سے روانہ کی ہے اس کے علاوہ واقعہ کی محکمہ جاتی تحقیقات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے اے سی مشین میں شارٹ سرکٹ کا شبہ ظاہر کیا ہے۔