کلکتہ 27جنوری(سیاست ڈاٹ کام )مغربی بنگال کے مرشدآباد ضلع میں آج صبح مسافروں سے بھری ایک بس ندی میں گرجانے کی وجہ سے 3افراد کی موت ہوگئی ہے۔ راحت کاری اور بچاؤ کا کام جاری ہے ۔ تقریباً 20افراد کو نکالیا گیا ہے ۔حکام کے مطابق مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتاہے ۔مرشدآباد سے موصول اطلاع کے مطابق یہ حادثہ صبح 6 بجے مرشدآباد کے قریب دولت آباد کے بالیر گھاٹ پل پر پیش آیا ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق اچانک دو تیز رفتار بسیں آپس میں ٹکراگئیں اور بس ڈرائیور اس وقت فون پر بات کررہا تھا جس کی وجہ سے وہ بس پر اپنا کنٹرول نہیں رکھ سکا۔ریسیکیو آپریشن تاخیر سے شروع ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں نے پولس گاڑی میں آگ لگادی او ر فائر بریگیڈ پر حملہ کردیا ۔مقامی لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے پولس کو لاٹھی چارج اور آنسو گیس بھی چھوڑنا پڑا ۔