مرحوم علاؤالدین کی یاد آج بھی آتی ہے : سنجے خان

ممبئی ۔ 17 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انتقام ، ایک پھول دو مالی ، ناگن ، عبداﷲ اور کئی ہٹ فلموں کے ہیرو اور ٹیپوسلطان کی تلوار جیسی ٹی وی سیریل بنانے والے سنجے خان نے کہا کہ انھیں آج بھی اپنے بہترین سینماٹوگرافر مرحوم علاؤالدین کی یاد آتی ہے جو ٹیپوسلطان کے سیٹ پر لگی آگ کے حادثہ میں جاں بحق ہوگئے تھے ۔ آج کی نئی فلموں اور سیرئیلوں میں جب بھی کوئی ایسا منظر دیکھتے ہیں جسے کیمرے کے منفرد زاویے سے شوٹ کیا گیا ہو تو انھیں مرحوم علاؤالدین کی یاد آجاتی ہے ۔ شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کی سوانح عمری ’’دی سب اسٹینسس اینڈ دی شیڈو‘‘ کی رسم اجرائی تقریب میں شرکت کے دوران اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی ۔

اُس وقت اُن کی اہلیہ زرین خان بھی اُن کے ساتھ تھیں۔ انھوں نے کہا کہ انھیں اس بات کا ہمیشہ دُکھ رہے گا کہوہ یوسف صاحب ( دلیپ کمار) کے ساتھ کسی فلم میں یکجا نہیں ہوسکے ۔ یاد رہے کہ سنجے خان اپنے زمانے کے خوبصورت اداکاروں میں شمار کئے جاتے تھے لیکن آگ کے حادثہ میں اُن کا چہرہ بھی جھلس گیا تھا جس کے نشانات اب بھی اُن کے چہرے پر دیکھے جاسکتے ہیں۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ آج کل وہ فلموں میں نظر نہیں آتے جس کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہاکہ اب اس عمر میں وہ اداکاری کرنا نہیں چاہتے ۔ سنجے خان کی بیٹی سوزین ریتک روشن کی بیوی تھیں اور دونوں نے فی الحال طلاق لینے کیلئے عدالت کادروازہ کھٹکھٹایا ہے ۔ اس سوال پر سنجے خان نے ’’نوکمینٹس ‘‘ کہہ کر بات ختم کردی ۔