اورنگ آباد۔ یکم اگسٹ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) مراٹھا سماج کو انصاف اور تحفظات کی فراہمی کیلئے آئندہ لوک سبھا اور ودھان سبھا انتخابات کیلئے ایک آزاد سیاسی پارٹی کے قیام کی ضرورت پر زرو دیتے ہوئے کنڑ حلقہ انتخاب کے شیو سینا کے رکن اسمبلی ہرش وردھن جادھو نے کہاکہ جب تک حقیقی طور پر چھتر پتی حکومت قائم نہیں ہوتی اس وقت تک مراٹھا سماج کو انصاف اور تحفظات ملنا ممکن نہیں ہے اور اس کیلئے ایک آزاد سیاسی پارٹی کے قیام کی ضرورت ہے ۔ مراٹھا سماج کو ریزرویشن کے مطالبہ کیلئے استعفی دینے والے رکن اسمبلی نے یہاں جاری دھرنے (اندولن )کے مقام پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی انکشاف کیا خود انکی پارٹی (شیو سینا)کی جانب سے انھیں اس مسئلہ پر خاموشی اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیاہے ۔ انھوں نے کہا کہ انکی پارٹی کے وزیر برائے تعمیرات عامہ ایکناتھ شنڈے کے بنگلے سے فون آیا کہ ریزروشن کے مسئلہ پر زبان نہ کھولیں۔ اس مسئلہ کے لیے لوگ اپنی جان دے رہے ہیں اور میری ہی پارٹی کی جانب سے میری زبان بندی کا حکم دیا جا ریاہے ۔