ممبئی ۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے وزیر فینانس سدھیر منگنیشوار نے اپنی ریاست میں جاری تحفظات کے متنازعہ مسئلہ کے درمیان آج کہا کہ ان کی حکومت جلد بازی میں کئے جانے والے کسی فیصلہ کے ذریعہ عوام کو بیوقوف بنانا نہیں چاہتی جو (فیصلہ) بعد میں ایک طویل عدالتی کشاکش کی نذر ہوجائے ۔ منگنیشوار نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر دیویندر فڈنویس اس برادری کو تحفظات دینے کی ممکنہ مساعی کررہے ہیں ۔ تاہم تمام مقررہ عمل و ضابطوں کی پابندی کو اولین ترجیح دی جارہی ہے ۔ سیاسی طور پر طاقتور مراٹھا برادری جو اس ریاست کی آبادی کے 30 فیصد حصہ پر مشتمل ہے روزگار و تعلیم کے شعبوں میں تحفظات کے لئے ایجی ٹیشن کررہی ہے ۔
منگنیشوار نے کہا کہ تحفظات کی فراہمی میں قانونی چوکٹھا اس حد تک مضبوط ہوگا کہ اس کو عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکے گا ۔