مراقش کے سفارتخانے کے باہر بم دھماکہ

طرابلس ۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے دارالخلافہ میں مراقش کے سفارتخانے کے باہر ایک بم دھماکہ ہوا۔ دریں اثناء ایک سیکوریٹی عہدیدار نے بتایا کہ صرف کچھ گھنٹے قبل ہیں اس عمارت پر بندوق برداروں نے بھی حملہ کیا تھا جہاں جنوبی کوریا کا سفارتخانہ بھی موجود ہے۔ عہدیدار کے مطابق مراقش کے سفارتخانہ موقوعہ بن اشور میں باب الداخلہ کے قریب ایک بیاگ میں موجود بم دھماکہ سے پھٹ پڑا جس میں کسی کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ البتہ آس پاس کھڑی ہوئی کاروں کو نقصان پہنچا۔ دریں اثناء ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکہ کی آواز انتہائی زوردار تھی، جس سے آس پاس کا علاقہ اور عمارتیں ایک منٹ کیلئے دہل گئیں۔ مراقش سفارتخانہ کا دفتر فی الحال کارکرد نہیں ہے اور یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دھماکہ کے وقت سفارتخانہ کے دفتر میں کوئی موجود تھا یا نہیں۔ دوسری طرف جنوبی کوریا کے سفارتخانہ پر حملے کیلئے دولت اسلامیہ کے عسکریت پسندوں نے ٹوئیٹر پر ذمہ داری قبول کی ہے۔ مراقش میں دولت اسلامیہ تنظیم کا زیادہ اثرورسوخ نہیں ہے۔ یہاں دولت اسلامیہ کے جنگجو شاذ و نادر ہی کارروائیاں کیا کرتے ہیں۔ جنوبی کوریا کے سفارتخانہ پر حملہ بھی ایسے ہی نادر واقعات میں سے ایک تھا۔ مراقش میں عوامی بے چینی بھی نہیں پائی جاتی، جس کی وجہ سے دولت اسلامیہ کو یہاں اپنے قدم جمانے میں مشکلات درپیش ہیں۔