مراعات کے وعدے، جمہوریت کیلئے ٹھیک نہیں

ووٹ کیلئے سیاسی پارٹیوں کے اندھادھند وعدے افسوسناک : وینکیا نائیڈو
حیدرآباد ۔ 5 ڈسمبر (سیاست نیوز) نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ سیاسی پارٹیوں کی جانب سے مراعات کے اعلانات اور وعدے جمہوریت کیلئے ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ سیاسی پارٹیاں یہ وعدے کرکے اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کرتی ہیں۔ پارٹیاں اپنے فائدے کیلئے بے شمار وعدے کرتے ہیں۔ انتخابات سے قبل ان کے یہ وعدے ناقابل فہم ہیں اور یہ محسوس ہوتا ہیکہ آیا یہ پارٹیاں اپنے وعدوں پر عمل کرسکیں گے یا نہیں۔ اگر کل یہ لوگ اپنے وعدے پورے نہیں کرے تو آخر کون ذمہ دار ہوگا۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو اپنی ذمہ داری سمجھنے کی ضرورت ہے۔ سورنا بھارت ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ تقریب کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو سب سے پہلے ریاست کی مالی صورتحال کا جائزہ لینا چاہئے۔ ان کے قرضوں اور آمدنی کا بھی اندازہ رکھنا چاہئے جس کے بعد ہی وہ عوام سے وعدے کریں۔ انتخابات سے قبل سیاسی پارٹیاں اندھادھند طریقے سے وعدے کرکے رائے دہندوں کو گمراہ کرتی ہیں جو افسوسناک اور معیوب بات ہے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ عدلیہ اور قانون ساز ایوانوں کے اسپیکرس کو سیاسی انحراف پسندی کی کیسوں سے سختی سے نمٹنا ہوگا۔