مرادآباد27اگست (سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش میں مرادآباد کے کٹگھر علاقے میں جانوروں کے باقیات سے بھرے منی ٹرک کے گڑھے گرنے کے بعد اس سے بدبو پھیلنے سے کچھ شرارتی عناصر نے اسے آگ کے حوالے کر دیا۔ پولیس ذرائع نے پیر کو بتایا کہ کٹگھر علاقے میں کچھ لوگ اتوار کی شب جانوروں کی کھالیں،ہڈیوں اور گوشت کے باقیات ایک منی ٹرک میں لے کر جا رہے تھے ۔ اس دوران منی ٹرک اچانک بے قابو ہوکر گڑھے میں پھنس گیا۔ تھوڑی دیر بعد علاقے میں بدبوپھیل گئی تھی۔ الزام ہے کہ کچھ نامعلوم نوجوانوں نے گاڑی کو آگ کے حوالے کر دیا جس سے وہ جل کر راکھ ہو گئی۔انہوں بتایا کہ اس معاملہ میں گاڑی کے ڈرائیور حاجی اسلم نے کٹگھر تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی ہے ۔ تحریر میں کہا گیا ہے کہ دیررات وہ ایک منی ٹرک میں قربانی کے جانوروں کے باقیات لے کر سنبھل جا رہا تھا۔ گاڑی شہر کے کٹگھر علاقے میں ایک گڑھے میں پھنس گیا۔کچھ نوجوانوں نے کلینر کی پٹائی کر دی۔گاڑی کو سرائے پولیس چوکی کے سامنے گلی میں لے جا کر آگ کے حوالے کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی طرح جان بچا کر وہاں سے بھاگ نکلے اور تھانہ پہنچے ۔ذرائع نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی۔ پولیس نے چار نامعلوم افراد کے خلاف رپورٹ درج کر لی ہے ۔