اجمیر /15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) درگاہ اجمیر شریف کے دیوان جی جناب سید زین العابدین علی خان نے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ فرقہ پرستانہ رجحان سے باہر نکل کر بلاخوف و خطر اپنے ووٹ کا استعمال کریں تاکہ جمہوریت مستحکم ہوسکے ۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ عوام کو ایسی سیاسی و مذہبی شخصیتوں سے چوکنا رہنا چاہئیے جنہوں نے ایسی تقاریر کی جن کے ذریعہ انتخابات کو فرقہ وارانہ رنگ دیا جاسکے ۔ انہوں نے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ سیاسی جماعتیں مسلمانوں کو ایک مخصوص شخص کے بارے میں خوف زدہ کررہی ہیں اور ملک میں ایک ایسا ماحول تیار کیا جارہا ہے جس سے مسلم رائے دہندے ان کی تائید کرسکیں ۔ لیکن مسلمانوں کو چاہئیے کہ وہ ایسی سیاسی جماعت کو اپنی دانشمندی کے ذریعہ ووٹ دیں جس کی پالیسیاں اور کارکردگی ملک کے مفاد میں ہو ۔
ایسی پارٹی کی تائید کی جائے جو مسلمانوں کا مستقبل محفوظ بناسکے ۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کی بنیاد پر رائے دہی سے انتقام اور نفرت کا احساس مزید بڑھ جاتا ہے ۔ لہذا مسلمان نہیں بلکہ بحیثیت ہندوستانی ووٹ دیجئے ۔ جناب سید زین العابدین علی خان نے کہا کہ شہریوں کو موقع پرست سیاسی اور مذہبی قائدین کو پہچاننا چاہئیے جو فرقہ کی بنیاد پر ووٹ کی اپیل کررہے ہیں ۔ وہ اپنی پارٹی کی پالیسیوں یا ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ نہیں مانگ رہے ہیں اور یہ لوگ ملک کے حقیقی دشمن ہیں ۔ہر شہری کو اپنے ووٹ کے حق سے مستحکم جمہوریت کے مفاد میں استفادہ کرنا چاہئیے اور یہ ہر شخص کی اخلاقی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ترقی اور اتحاد کیلئے ووٹ دینا چاہئیے اور وہ رائے دہی کے وقت اپنے مذہب کو بھول کر سیاسی جماعتوں کے اصول اور پالیسیوں پر غور کریں ۔