ممبئی 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر راجیو پرتاپ روڈی نے آج حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے مسلمانوں کو 4.5 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ مذہب کی بنیاد پر کسی بھی فرقہ کو تحفظات فراہم کرنا غیر آئینی ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ جب آندھراپردیش حکومت نے بھی ایسا ہی فیصلہ کیا تھا تو اُس وقت ہائیکورٹ نے اُس فیصلہ کو مسترد کردیا تھا۔ ہم جانتے ہیں کہ تحفظات فراہم کرنے کا فیصلہ انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جو ستمبر یا اکٹوبر میں منعقد شدنی ہیں۔ لوک سبھا انتخابات میں کراری شکست کے بعد کانگریس آخری بار ایڑی چوٹی کا زور لگاکر واپسی کرنا چاہتی ہے۔ روڈی نے کہاکہ مہاراشٹرا کے عوام نے اقتدار بی جے پی کو سونپنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور کانگریس اس بات سے پریشان ہے۔ یاد رہے کہ چہارشنبہ کو وزیر اعلیٰ مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان نے مراٹھوں کو 16 فیصد اور مسلمانوں کو 4.5 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔