آئی ایس سے نمٹنے کیلئے عالمی کوشش ضروری ، مودی کی شاہ عبداللہ سے ملاقات
اقوام متحدہ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مذہب کو دہشت گردی سے غیرمربوط کرنے کی بھرپور وکالت کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) جیسی تنظیموں کے ذریعہ بین الاقوامی سطح پر پھیلائی جارہی دہشت گردی سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر کارروائی ضروری ہے۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سیشن کے موقع پر نریندر مودی نے اُردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات کی جس میں دہشت گرد تنظیموں جیسے آئی ایس کا مسئلہ حاوی رہا۔ نریندر مودی نے نوجوانوں کی شدت پسندی کی طرف رغبت اور انتہا پسندانہ پیامات کی روک تھام کے سلسلے میں اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں قائدین نے اس بات کو تسلیم کیا کہ آئی ایس ساری بین الاقوامی برادری کیلئے ایک چیلنج بن چکی ہے۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کو مذہب سے غیرمربوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی دہشت گردی پر جامع کنونشن کا حوالہ دیتے ہوئے جس کی تجویز طویل عرصہ سے زیرالتواء ہے، کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ بین الاقوامی برادری اس اہم مسئلہ پر متحدہ طور پر آواز اٹھائے اور عالمی کنونشن میں متفقہ موقف اختیار کرے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بین الاقوامی دہشت گردی سے نمٹنے کے معاملے میں شاہ عبداللہ کی طاقتور قیادت کی ستائش بھی کی۔ اس کے علاوہ عراق اور شام میں اس وقت ہندوستانی شہری پھنسے ہوئے تھے، ان کے تخلیہ میں اُردن کی مدد پر شاہ عبداللہ سے اظہار تشکر کیا۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل اصلاحات کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اب ضروری ہوچکا ہے کہ ہندوستان جیسے ایک بڑے ملک کو جہاں دنیا کی کثیر آبادی بستی ہے، سکیورٹی کونسل میں نمائندگی دی جائے۔