مذہبی صفحہ

سالانہ فاتحہ محبوبینؒ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( راست ) : سالانہ فاتحہ حضرت خواجہ مرزا محمد بیگ چشتیؒ و سالانہ فاتحہ محبوبینؒ 28 جنوری جمعرات کو درگاہ شریف حضرت محبوب الہ خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ حضرت محبوب گلشن سرور نگر میں مقرر ہے ۔ 4 بجے شام تلاوت قرآن پاک ، محفل درود شریف بعد نماز عصر ختم خواجگان ، ساڑھے سات بجے شام محفل سماع کی محفل منعقد ہوگی ۔۔

 

عرس محبوبینؒ و جلسہ فیضان اولیاء
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( راست ) : حضرت خواجہ عبدالوہاب شاہ صدیقی چشتی القادری احمد نماؒ ، حضرت خواجہ محمد غلام محبوب میاں شاہ صدیقی چشتی القادری حق نماؒ کے اعراس شریف 30 جنوری سے بارگاہ محبوبینؒ واقع مامڑ پلی شاد نگر میں آغاز ہوگا ۔ جانشین و سجادہ نشین بارگاہ محبوبینؒ نگرانی کریں گے ۔ علامہ سید شاہ حیدر پاشاہ قادری القمیصی سجادہ نشین حضرت فی الفورؒ سرپرستی کریں گے ۔ 30 جنوری کو بعد نماز عشاء مسجد مامڑ پلی سے جلوس صندل مبارک برآمد ہوگا جو بارگاہ محبوبینؒ پہنچے گا ۔ بعد مراسم عرس شریف جلسہ فیضان اولیاء کرام منعقد ہوگا ۔ مولانا سید تاج علی شاہ ، مولانا سید حفیظ اللہ حسینی ، مولانا شاہ محمد معز الدین ملتانی ، مولانا منصور علی خاں مہمانان خصوصی ہونگے بعد جلسہ محفل سماع منعقد ہوگی ۔ 31 جنوری کو محفل چراغاں منعقد ہوگی ۔۔

آج سیرت النبیؐ کوئیز مقابلہ
برائے طالبات
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( راست ) : ناظم جامعتہ البنات الاصلاحیۃ ملک پیٹ مولانا عبدالعلیم اصلاحی کے بموجب جامعہ کی جانب سے اسکولس اور کالجس کی طالبات کے لیے سیرت النبیؐ رقمی انعامی کوئز مقابلہ 28 جنوری کو 9-30 بجے دن آفیسرس میس فنکشن ہال نیو ملک پیٹ منعقد ہوگا ۔۔

جلسہ فیضان سیدنا غوث اعظم دستگیرؒ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام 28 جنوری کو بعد نماز عشاء جلسہ فیضان سیدنا غوث دستگیرؒ ، مسجد لعل علی خاں چیلہ پورہ زیر صدارت مولانا سید شجاعت علی سراج قادری منعقد ہوگا ۔ جس میں حافظ شیخ یسین قادری کی قرات کلام پاک ہوگی ۔ جناب سید حسین قادری ، وجاہت شریف ، جناب غلام مرتضی ، ناظم قادری ، جناب مجاہد ملتانی نعت شریف و منقبت پاک پیش کریں گے ۔ مولانا سید عبدالواسع نقشبندی ، مولانا محمد باقر علی صدیقی قادری ، مولانا سید حامد الحسن کلیمی علی پاشاہ قادری ، جناب محمد بن علی چشتی ، جناب نوید بیابانی اور صدر کے خطابات ہونگے ۔۔

 

نبی کریمؐ سے محبت کا اظہار زبان و عمل سے کرنے کی تلقین
تنظیم بنت حرم کا جلسہ سیرت النبیؐ ، محترمہ صبیحہ صدیقی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( راست ) : نبی کریم ﷺ نے فرمایا وہ مسلمان افضل ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے مسلمان بچے رہیں اور آپؐ نے فرمایا تم میں سے اس وقت تک کوئی مومن نہیں ہوسکتا یہاں تک کہ جو اپنے لیے چاہتا ہے وہی اپنے بھائی مسلمان کے لیے چاہے ۔ اور آپﷺ نے فرمایا تم میں سے کوئی مومن نہیں ہوتا جب تک کہ اس کو میری محبت اپنے باپ اور اولاد سے زیادہ نہ ہو ۔ محترمہ صبیحہ صدیقی صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے جلسہ سیرت النبیؐ سے 26 جنوری کو خانقاہ درگاہ حضرت میر واحد علی شاہ قادری چشتی سہروریؒ ( کشن باغ ) میں خواتین کو مخاطب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے محبت کا اظہار زبان اور عمل سے ہونا چاہئے ۔ اس کا تقاضہ ہے کہ نبی کریم ﷺ کی ہدایات پر ہم سختی سے عمل کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ سے اپنی شدید محبت و جانثاری کا ثبوت دیں ۔ محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نائب صدر تنظیم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو جو کمالات دئیے ہیں بزرگان دین نے ان کو تین طریقے سے بتایا ہے ۔ آپ ؐ کے فضائل مبارکہ جو کہ آپؐ سے صادر ہونے والے معجزات اور ان فضائل کا حق امت پر یہ ہے کہ وہ آپﷺ کی تعظیم و تکریم کرے ۔ شمائل مبارکہ : اللہ نے جو حسین مبارکہ سے نبی کریم ﷺ کو مالا مال کیا ۔ اور ان شمائل مبارکہ کی وجہ سے امت میں آپﷺ سے محبت و انسیت پیدا کرنا ہے ۔ محترمہ رحمت النساء فاروقی نے نماز جیسے عظیم تحفہ کو قرآن و حدیث کی روشنی میں واضح کرتے ہوئے کہا کہ نماز جیسی عظیم عبادت کو صحیح طریقے سے ادا کرنے کے لیے ہم کو نماز کا صحیح طریقہ سیکھنا بے حد ضروری ہے ۔ محترمہ سیدہ زینت سلطانہ نے اپنی تقریر میں آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ایمان و الوں کو چاہئے کہ وہ اسلام میں پورے کے پورے داخل ہوجائیں ۔ محترمہ سیدہ میمونہ نے قرآن و حدیث کی روشنی میں حب رسول کی وضاحت کی ۔ محترمہ یاسمین سلطانہ نے کہا کہ حضور ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل ہی ہماری نجات کا ذریعہ ہے ۔ اس کے علاوہ طالبہ مدرسہ للبنات الحرم سیدہ صبا نسیم قادری ، سیدہ یاسمین قادری ، اصفیہ کلیم نے بھی خواتین کو مخاطب کیا اور دربار رسالت میں محترمہ ماریہ ، محترمہ محمودہ بیگم وغیرہ نے نعت کا گلدستہ پیش کیا ۔ جلسے کا آغاز محترمہ نعیم النساء فاروقی کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ نظامت کے فرائض کنوینر محترمہ محمودہ بیگم رکن عاملہ تنظیم بنت حرم نے انجام دئیے ۔ اور محترمہ رحمت النساء فاروقی کی دعا پر یہ جلسہ اختتام کو پہنچا ۔۔

 

رحمت کُل کی نعت حریم کائنات کے لیے آفاقی نقصان
مولانا دلدار حسین عابدی کے نعتیہ کلام کا جناب محمود علی کے ہاتھوں اجرا
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : فرمان کن ، سبب تخلیق کائنات حضرت محمد مصطفی مظہر پیکریزداں اور صفات کبریا کے حامل ہیں جن کے پر تقدیس نور سے تشکیل کون و مکاں ہوئی اور انہیں تجلیوں سے ساری کائنات ضیابار ہے ۔ نعت گوئی کی وساطت رسالت مآبؐ کی جتنی مدح و ثنا کی جائے کم ہے اس لیے کہ حضور غم دنیا کی دھوپ صحرا میں ٹھنڈا سایہ ہیں جس سے بنی نوع انسانوں کو شعور و آگہی کا رزق ملتا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج صبح اپنے دفتر میں مولانا سید دلدار حسین عابدی دلدار کے نعتیہ مجموعہ کلام ’ منارہ نعت ‘ کی اجرائی انجام دینے کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکارؐ کی نعت کا آغاز دربار رسالت سے ہوا ۔ بارگاہ سرور کونینؐ میں افق نعت گوئی پر حضرت حسان بن ثابت پہلی کرن بن کر رونق افروز ہوئے ۔ اس کے بعد نعت گو شعراء کی ایک کہکشاں نمودار ہوئی جس کا سلسلہ آج تک جاری و ساری ہے ۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ درحقیقت رحمت کل کی نعت حریم کائنات کے لیے محرم اسرار ہے ۔ شاعر و صحافی جناب تقی عسکری ولا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نعت ہمیشہ سے شعر و ادب کا آفاقی موضوع رہا ہے ۔ مولانا سید دلدار حسین نے نعت گوئی کے آئینہ میں خود کو نکھارا ، سنوارا اور آراستہ کیا ہے ۔ تقی عسکری ولانے کہا کہ مولانا سید دلدار حسین اپنے نعتیہ اشعار سے مشام جاں کو معطر اور سرکار رسالت مآبؐ سے ادب و احترام کے ساتھ محبت و عقیدت سے نورانی تجلیات کو اہل ایمان و یقین کے لیے پیش کررہے ہیں ۔ مولانا سید دلدار حسین عابدی نے آخر میں ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی سے اظہار تشکرکیا ۔ اس موقع پر روزنامہ دلدار ہند کے جوائنٹ ایڈیٹر جناب سید حیدر علی عابدی اور بیورو چیف جناب ضامن علی عابدی بھی موجود تھے ۔۔

 

عرس شریف
٭ حضرت مولانا میر قادر علی شاہ ابوالعلائیؒ کے عرس تقاریب کا آج بعد نماز مغرب ابوالعلائی چمن مستعد پورہ میں صندل مالی سے آغاز ہوا۔ حضرت میر قطب الدین علی شاہ ابوالعلائی نے صندل مالی کے فرائض انجام دیئے۔ جبکہ میر قادر علی ابوالعلائی المعروف قاسم بابا غسل شریف کے فرائض انجام دیئے۔ محفل چراغاں 28 جنوری جمعرات بعد نماز مغرب مقرر ہے۔ محفل ذکر، قرآن خوانی اور سماع زیرنگرانی حضرت سجادہ نشین مقرر ہے۔