مذہبی رواداری ہندوستانی تمدن کی روح

ہریدوار۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے گرجاگھروں پر حالیہ حملوں کے پس منظر میں مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ملک میں کوئی بھی غیرمحفوظ نہیں ہے۔ چاہے اس کا مذہب کچھ بھی کیوں نہ ہو۔ کیونکہ مذہبی رواداری ہندوستانی تمدن کی روح ہے۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ان سے دہلی میں گرجاگھروں پر حالیہ حملوں کے بارے میں سوال کیا گیا تھا۔ انہوں نے تیقن دیا کہ گرجاگھروں میں توڑپھوڑ میں جو لوگ بھی ملوث ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہدایات جاری کرچکے ہیں کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ملک میں کوئی بھی خود کو غیرمحفوظ محسوس نہ کرے۔ صدر امریکہ بارک اوباما کے حالیہ بیان کے بارے میں کہ ہندوستان میں اگر مہاتما گاندھی زندہ ہوتے تو وہ مذہبی عدم رواداری کا منظر دیکھ کر صدمہ کا شکار ہوجاتے، جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیرداخلہ نے کہا کہ ہندوستان میں کئی مذاہب اپنے مختلف فرقوں کے ساتھ بقائے باہم سے رہتے ہیں۔ سب کو ساتھ لیکر ترقی کرنے اور پرامن بقائے باہم کا جذبہ ہمارے تمدنی ورثہ کی انتہائی نمایاں خصوصیت ہے۔