مذہبی خبریں

حج و عمرہ عبادت اور زیارت مدینہ منورہ سعادت
روزنامہ سیاست میں حج و عمرہ تربیتی کلاس ، مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی : ( راست ) : رسول اللہ ﷺ نے عبادات کا جو طریقہ سکھلایا ہے ان میں ایک اہم ترین عبادت حج ہے اور اسی کی ایک صورت عمرہ ہے ۔ جسے حج اصغر بھی کہا گیا ہے ۔ معلم انسانیت ؐ نے حج ادا فرما کر صحابہ کو فرمایا کہ مجھ سے مناسک حج سیکھ لو اور آپؐ نے اپنی حیات مبارکہ میں کئی عمرے ادا فرمائے ۔ اور تین عمروں کے بارے میں تو مورخین متفق ہیں ۔ حج و عمرہ اللہ کی بندگی کا بہترین مظہر ہے ۔ اس لیے کہ یہ عبادت میں اللہ کی بڑائی و کبریائی وحدانیت صاف جھلکتی ہے ۔ وہیں بندہ کا بندہ پن ظاہر ہوتا ہے جو اپنی پسند و خواہشات کو چھوڑ کر اللہ کی خوشنودی کے لیے بے سلے چادریں اوڑھ لیتا ہے اور زبان پر لبیک لبیک کا ترانہ پڑھتا ہوا مکہ سے منیٰ ، منیٰ سے عرفات ، عرفات سے مزدلفہ اور مزدلفہ سے منیٰ گھومتا پھرتا ہے ۔ اور وہاں جمرات کرتا ہے ۔ قربانی کر کے حلق و قصر کرتا ہے ۔ طواف زیارت وسعی کر کے بندگی کا اظہار کرتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی نے روزنامہ سیاست میں منعقدہ حج و عمرہ تربیتی کلاس سے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سفر میں عبادت کی ادائیگی بھی ہے وہیں یہ سفر زیارت مدینہ منورہ کی وجہ سے سعادت والا سفر بن جاتا ہے ۔ زیارت مدینہ منورہ حاجیوں کے لیے سعادت ہے اس لیے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جس نے میرے روضہ کی زیارت کی اس کے لیے میری شفاعت واجب ہوجائے گی تو یہ سعادت ہی سعادت ہے ۔ قبل ازیں جناب محمد نواب نے خیر مقدمی کلمات میں کہا کہ حجاج حج سے پہلے سیکھیں اور ابھی سے تیاری کرلیں ۔ مولانا کی دعا پر کلاس اختتام پذیر ہوئی ۔۔

صنعا گارڈن میں آج خاتون عازمین حج کا تربیتی پروگرام
سرکردہ خواتین کی شرکت و مخاطبت ، تنظیم بنت حرم سے انتظامات
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی : ( راست ) : تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام عازمین حج خواتین کا 5 واں تربیتی اجتماع 26 جولائی 9 تا 5 بجے دن بمقام صنعا گارڈن فنکشن ہال نزد چارمینار زیر نگرانی محترمہ صبیحہ صدیقی صدر تنظیم بنت حرم و رکن مجلس عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و ممبر میاریج کونسلنگ سنٹر فار مینارٹیز مقرر ہے ۔ آغاز محترمہ نعیم النساء فاروقی کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ محترمہ فضل النساء حمد باری تعالی ، محترمہ سیدہ میمونہ بیگم نعت شریف پیش کریں گی ۔ محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نائب صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ، محترمہ عزیزہ محبوب معتمد تنظیم بنت حرم ، محترمہ رحمت النساء فاروقی صدر معلمہ مدرسہ بنات الحرم ، محترمہ نکہت کوثری رکن عاملہ تنظیم بنت حرم ، محترمہ زینت سلطانہ ، محترمہ شاکرہ کوثر مخاطب کریں گے ۔ محترمہ حافظہ ساجد النساء ، محترمہ رقیہ سلطانہ ، محترمہ قیصر النساء ، محترمہ راحت النساء جلسہ کے انعقاد میں حصہ لے رہی ہیں ۔ 9 تا 11 بجے دن سوالات و جوابات کے لیے وقت مقرر ہے ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9703679879 ۔ 9885366610 پر ربط کریں ۔۔

جلسہ سیرت حضرت ہاجرہ ؓ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی : ( راست ) : اسوسی ایشن آف اردو ڈیولپمنٹ کی جانب سے 26 جولائی 3 بجے دن اردو کاٹیج امجد باغ مصری گنج میں جلسہ سیرت حضرت ہاجرہ ؓ منعقد ہوگا ۔ جناب محمد تمیز الدین خطاب کریں گے ۔۔