نئی دہلی۔ 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مذہبی تبدیلی پر پیدا شدہ تنازعہ کے درمیان مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج کہا کہ بی جے پی کی فتح پر سیاسی قوتیں، دل شکستہ ہوگئی ہیں اور ترقی کے ایجنڈہ کو ووٹ بینک سیاست میں تبدیل کرنے کی کوششوں میں ملوث ہوگئی ہیں۔ گڈکری نے پارلیمنٹ ہاؤز کے باہر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بی جے پی کے پاس مذہبی تبدیلی کا موضوع نہیں ہے۔ چند سیاسی جماعتیں اور قائدین ہیں جو بی جے پی کی فتح پر مایوس ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ووٹ بینک سیاست کا تعلق ہے یہ ان کے لئے بہت زیادہ عام بات ہے اور ترقی ان سیاسی جماعتوں اور قائدین کا ایجنڈہ نہیں ہے، چنانچہ وہ ترقی اور بہتر حکمرانی کے ایجنڈہ کو ووٹ بینک سیاست میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گڈکری نے کہا کہ یہ صرف ووٹ بینک سیاست کے سواء اور کچھ نہیں ہے۔ اس سوال پر کہ آیا سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کو بھارت رتن اعزاز دیا جائے گا، انہوں نے جواب دیا کہ حکومت اور پارلیمنٹ ہی مناسب وقت پر مناسب فیصلہ کرسکتے ہیں۔