مذہبی اور علاقائی خطوط پر عوام کو منقسم کرنے کی سازش ناکام

صف بندی کی سیاست کا بھی خاتمہ، صدر کانگریس جموں و کشمیر کا ادعا
جموں ۔ 8 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کانگریس سربراہ غلام احمد میر نے آج بتایا کہ عوام کی جانب سے بی جے پی فرقہ پرست ایجنڈہ اور غیر سماجی پالیسیوں کو مسترد کردیئے جانے کے ساتھ ہی ریاست میں شیرازہ بندی کی سیاست کا خاتمہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے آج یہاں ایک روزہ سیاسی کنونشن کو مخاطب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ زعفرانی جماعت نے انتخابات کے موقع پر فرقہ وارانہ جذبات کو بھڑکایا تھا اور ریاستی عوام یہ دیکھ سکتے ہیں کہ بی جے پی کس طرح فرقہ وارانہ کارروائی کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی نے ملک میں انتخابات کے دوران حالات کا استحصال کرتے ہوئے سیاسی مفادات کیلئے عوام میں پھوٹ ڈال رہی تھی لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ملک کے عوام نے یہ محسوس کرلیا کہ بی جے پی نے مذہبی اور علاقائی خطوط پر منقسم کرنے کا کھیل کھیلا ہے۔ کانگریس لیڈر نے یہ نشاندہی کی کہ علاقہ جموں میں کانگریس کو شکست دینے کیلئے بی جے پی نے اس طرح کی حکمت عملی اختیار کی تھی لیکن ہماری پارٹی نے گزشتہ سال کے اسمبلی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے۔ انہوں نے ریاست میں بی جے پی کی رکنیت سازی کا ہوا کھڑا کرنے پر اسے جھوٹ کا پلندہ قرار دیا اور رکنیت سازی مہم کے بلند بانگ دعویٰ کو گمراہ کن بتایا۔