اسلام آباد ۔ 30 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) تنظیم اسلامی تعاون (او آئی سی) کے ایک وفد نے وادی کشمیر کے تنازعہ کی پرامن انداز میں مذاکرات کے ذریعہ یکسوئی کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا کہ تنظیم کے ایک شعبہ آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن کے وفد نے جس کی قیادت صدرنشین میڈ ایس کاگوا کررہے تھے جو اسلام آباد اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر 27 تا 29 مارچ تین روزہ دورہ پاکستان کی دعوت پر کررہے ہیں، کہا کہ مسئلہ کشمیر کی یکسوئی پرامن مذاکرات کے ذریعہ کرنے کی اہمیت ہے۔ تنظیم کے وفد نے پاکستان کی سیاسی قیادت، سرکاری عہدیداروں، کشمیر کے تارکین وطن، ذرائع ابلاغ اور شہری معاشرہ کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر اظہارتشویش کیا۔